سعودی عرب: دائمی بیماریوں سے ہونے والی اموات میں 40 فیصد کمی
جمعرات 17 ستمبر 2026 20:23
مملکت میں ورلڈ پیشنٹ سیفٹی ڈے کے موقع پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں 17 ستمبر کو ورلڈ پیشنٹ سیفٹی ڈے کے موقع پر ’زندگی کے لیے محفوظ نگہداشت‘ کے عنوان سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق مملکت میں نیشنل ہیلتھ انڈیکیٹرز ہیلتھ کیئر کوالٹی، بیماریوں کی روک تھام اور مریضوں کی سیفٹی کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کی عکاسی کرتے ہیں۔
دائمی بیماریوں سے متعلق اموات میں 40 فیصد کمی، اوسط متوقع عمر 74 برس سے بڑھ کر 79.7 سال تک ہونا اور سال 2025 میں ہیلتھ کیئر سروسز کوالٹی انڈیکس 70.4 فیصد تک بہتری شامل ہے جو مقررہ 60 فیصد ہدف سے زیادہ ہے۔
یہ اعداد و شمار سعودی عرب کے صحت نظام میں جاری تبدیلی کے اثرات کے عکاس ہیں جہاں توجہ علاج کے بجائے بیماری سے بچاو، ابتدائی تشخیص، طبی نگہداشت کے معیار اور مریضوں کی سیفٹی کو بہتر بنانے کے ساتھ مریض کواپنی صحت سے متعلق فیصلوں میں شریک کرنے پر مرکوز کی جارہی ہے۔ یہ اقدامات سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔
سالِ رواں ورلڈ پیشنٹ سیفٹی ڈے کا خصوصی موضوع غیر متعدی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے محفوظ طبی نگہداشت ہے جس میں مریض کے علاج کے پورے سفر کو شامل کیا گیا ہے۔
اس میں بیماری سے بچاو، ابتدائی تشخیص سے لے کر علاج، طبی دیکھ بھال، طویل المدتی نگہداشت اور خود نگہداشت تک کے مراحل شامل ہیں۔

سعودی سینٹر فار پیشنٹ سیفٹی کی جانب سے بھی متعلقہ اداروں کے اشتراک سے آگاہی اور تعلیمی پروگراموں میں اہم کردار ادا کیا جا رہا ہے۔
جس کا مقصد مریضوں کی سیفٹی کو صرف طبی مراکز تک ہی محدود رکھنا نہیں بلکہ مستقل سماجی ثقافت بنانا، مریض اور ان کے اہل خانہ کو علاج کے طریقوں میں شامل کرنا ہے۔
سینٹر کی جانب سے نیشنل ای لرننگ سینٹر کے تعاون سے ’علاج کے منصوبے میں مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی شمولیت کے لیے مشترکہ ڈیزاین‘ کے عنوان سے ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔
اس کا مقصد مریضوں، ان کے اہل خانہ اور طبی نگہداشت فراہم کرنے والی ٹیموں کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانا اور طبی خدمات کی تشکیل و بہتری میں ان کی شراکت کو یقینی بنانا ہے۔

ریاض کے سپورٹس بلیوارڈ میں ’مسلسل آگاہی کا سفر‘ کے عنوان سے ایک تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں سپورٹس بلیوارڈ، نوبکو کیئر اور ریاض کلب کے تعاون سے مختلف سرگرمیاں شامل تھیں۔
علاوہ ازیں سعودی سینٹر فار پیشنٹ سیفٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر علی بن طالع العسیری نے کہا کہ مریضوں کی سیفٹی اعلی معیار کے صحت نظام کی تشکیل کا بنیادی عنصر ہے۔
انہوں نے واضح کیا مریضوں کی سیفٹی صرف صحت مراکز تک محدود نہیں بلکہ مریض، خاندان، معاشرے اورمتعلقہ تمام شعبوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
