بلقان انٹرنیشنل انفارمیٹکس اولمپیاڈ: سعودی طلبہ نے چار اعزازات اپنے نام کیے
بلقان اولمپیاڈ میں مملکت کے مجموعی اعزازات کی تعداد 17 ہوگئی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی طلبہ کی ٹیم نے البانیہ میں منعقدہ بلقان انٹرنیشنل انفارمیٹکس اولمپیاڈ 2026 میں چار بین الاقوامی اعزازات اپنے نام کیے ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اولمپیاڈ کے 33 ویں ایڈیشن میں 18 ممالک کے 75 طلبہ نے شرکت کی۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن ریاض کے طالبعلم سعد العریفی نے سلور میڈل حاصل کیا۔ یہ اولمپیاڈ میں مملکت کا پہلا سلور میڈل ہے۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن مدینہ کے فارس الردادی اور جنرل ڈائریکٹیوریٹ آف ایجوکیشن جدہ کے محمد باشکیل نے براونز میڈل اپنے نام کیے۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن ینبع رائل کمیشن کے طالبعلم ہاشم بسیونی نے تعریفی سند حاصل کی۔
مملکت کی بلقان اولمپیاڈ میں یہ چوتھی شرکت ہے۔ مجموعی اعزازات کی تعداد 17 ہوگئی۔ ان میں ایک سلور، 8 براؤنز میڈل اور 8 تعریفی اسناد شامل ہیں۔
یہ کامیابی موھبہ انٹرنیشنل اولمپیاڈ پروگرام کا حصہ ہے، وزارت تعلیم کی شراکت داری کے ساتھ کنگ عبدالعزیز اینڈ کمپینیئنز فاؤنڈیشن فار گفٹڈنیس اینڈ کریٹیویٹی (موھبہ) عملدرآمد کر رہی ہے۔
او لمپیاڈ میں حصہ لینے والے طلبہ سال بھر تربیتی مراحل سے گزرتے ہیں، جن میں مقامی اور بین الاقوامی تربیتی کیمپوں کے ساتھ تھیوری اور عملی تیاری کے متعدد مراحل شامل ہیں۔
انٹرنیشنل انفارمیٹکس اولمپیاڈ ہائی سکول کے طلبہ کے لیے سب سے طویل عرصے سے منعقد ہونے والے کمپوٹر سائنسی مقابلوں میں سے ایک ہے۔
پہلی مرتبہ اس کا انعقاد 1989 میں بلغاریہ میں یونیسکو اورانٹرنیشنل فیڈریشن فارانفارمیشن پروسیسنگ کے زیراہتمام ہوا تھا۔
