وزیراعظم جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے
وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے ایک مختصر وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
وزیراعظم 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
اپنے خطاب میں وہ بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور تنازعات کے حل کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور پرامن ذرائع کی اہمیت پر زور دیں گے۔
وزیراعظم خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی فعال سفارتی اور ثالثی کی کوششوں کو بھی اجاگر کریں گے۔ وہ پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی کے خلاف جنگ، اسلاموفوبیا اور عالمی اقتصادی چیلنجز سمیت اہم عالمی معاملات پر پاکستان کی ترجیحات بھی بیان کریں گے۔
پیر کو نائب وزیرِاعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نیویارک پہنچے تھے۔ وپ اپنے دورے کے دوران اعلیٰ سطح ملاقاتوں کے علاوہ اعلیٰ سطح اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے جہاں وہ پاکستان کے لیے اہمیت کے حامل ایشوز پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے جبکہ اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر دو طرفہ، علاقائی اور عالمی امور کے حوالے سے پاکستان کی ترجیحات بھی سامنے رکھیں گے۔