Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان خود مختاری، سلامتی اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے ثابت قدمی سے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے: وزیراعظم

وزیراعظم نے سعودی قیادت اور عوام کو قومی دن پر مبارک باد بھی پیش کی (فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے حالیہ حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایک بار پھر یہ عزم دُہرایا ہے کہ پاکستان مملکت کی خودمختاری، سلامتی اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کے تقدس کے تحفظ کے لیے ثابت قدمی سے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق بدھ کو سعودی عرب کے قومی دن جو ہر سال 23 ستمبر کو منایا جاتا ہے، کے موقع پر ایکس کے ذریعے جاری کیے گئے مبارکباد کے پیغام میں وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ حرمین شریفین کے تقدس اور سلامتی کو لاحق کسی بھی قسم کا خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچاتا ہے، جس میں ان کا اشارہ حوثیوں کی جانب سے مقدس شہر مکمہ حالیہ ڈرون حملوں کی کوشش کی طرف تھا۔
شہباز شریف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے عوام کو قومی دن کی دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی اور تبدیلی کا شاندار سفر نہ صرف سعودی عوام بلکہ پاکستان کے لیے باعث فخر و تحسین ہے۔
وزیراعظم جو اس وقت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں موجود ہیں، کا یہ بھی کہنا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں سعودی مزید خوشحالی اور جدت کی طرف جا رہا ہے۔
شہباز شریف کے مطابق ’پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی تاریخی اور آزمودہ دوستی پر فخر کرتا ہے جو ایمان، باہمی اعتماد اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے تعلق پر قائم ہے۔‘
ان کے بقول ’آج ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں یہ برادرانہ تعلق ایک مزید مضبوط سٹریٹیجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہا ہے جس کی بنیاد امن، سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد کے عزم پر ہے اور ہم نے بڑے فخر سے سٹریٹیجک دفاعی معاہدے اور مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔‘
وزیراعظم نے اپنے پیغام کا اختتام میں ’پاک سعودی عرب برادرانہ تعلقات زندہ باد‘ سے کیا اور پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی کی مزید مضبوطی و استحکام کی دعا کی۔

شیئر: