Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الجوف کا تاریخی العیساویہ مرکز، سرحدی گزرگاہ کی اہم یادگار

یہ مرکز اردن کی سرحدی حدود کے قریب سات کلومیٹر کی مسافت پر ہے (فوٹو: ایس پی اے)
الجوف ریجن کی القریات کمشنری میں مملکت کے تاریخی مرکز العیساویہ کی عمارت آج بھی موجود ہے جس کا شمار ماضی میں سرحدی علاقے کے اہم سرکاری مراکز میں ہوتا تھا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق العیساویہ مرکز اردن کی سرحدی حدود کے قریب تقریباً چھ سے سات کلومیٹر کی مسافت پر ہے۔ یہاں سے شام سے آنے والے عازمین حج اور عمرہ زائرین کے قافلے گزرا کرتے تھے۔
سکاکا، الجوف سے شام تک جانے والی شاہراہ کے سنگم پر واقع اس مرکز کو مملکت کی تعمیر و ترقی کے سفر میں خاص اہمیت حاصل ہے۔
علاقے کی تاریخ کے ایک ماہر نے الاخباریہ کو بتایا کہ یہ مرکز ماضی میں محض ایک دفتر نہیں تھا بلکہ اہم سٹیشن تھا جہاں گورنریٹ اور بہت سے سرکاری ادارے موجود تھے۔
سرحدی علاقے میں واقع ہونے کے باعث یہاں اس دور میں سکیورٹی بیس کیمپ، کسٹم اور دیگر سرکاری ادارے موجود تھے۔
مرکز کی ایک مسجد بھی تھی جس کی آج اسی انداز میں تعمیرِ نو کی گئی ہے تاکہ ماضی کے اوراق کو عصرِ حاضر میں نمایاں کیا جا سکے۔
 سرحدی مرکز ہونے کی وجہ سے یہاں اردن اور شام سے آنے والے قافلوں کا استقبال کیا جاتا تھا۔ یہ مرکز اس وقت سے موجود ہے جب ’القریات‘ شہر آباد نہیں ہوا تھا۔ اس سے اس کی ماضی میں اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

تاریخی امور کے ماہر نے بتایا کہ قدیم عمارتوں اور مراکز کی تعمیرِ نو اور بحالی ایک مثالی اقدام ہے جس سے سعودی عرب کا روشن ماضی نمایاں ہوتا ہے جو سرحد کے تحفظ اور انسانی خدمت سے عبارت ہے۔

 

شیئر: