Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حدود شمالیہ کے قدیم راستے اور پانی کے ذرائع جو گزرے وقت کی کہانی سناتے ہیں

درب زبیدہ، حدود شمالیہ کے نمایاں تاریخی شواہد میں سے ایک ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
حدود الشمالیہ ریجن آثارِ قدیمہ اور تجارتی گزر گاہوں کا ایک وسیع جال ہے جو عہدِ رفتہ میں قافلوں کی آمد و رفت، تجارت اور انسانی آبادی کے مختلف پہلوؤں کی عکاسی کرتا ہے۔ 
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، ان تاریخی مقامات میں قدیم راستوں کے نشانات، کنویں، تالاب اور مختلف نوعیت کی قدیم تعمیرات شامل ہیں۔ لینہ، لوقہ، ام رضمہ، الدوید، زبالا اور قلیب غنیم ان نمایاں تاریخی مقامات میں شامل ہیں جو عرب کے تاریخی جغرافیے اور ماضی کی تہذیبی و تجارتی سرگرمیوں کو سمجھنے کے لیے اہم شواہد فراہم کرتے ہیں۔
آثارِ قدیمہ کے امور کے ماہر عبدالرحمن التویجری نے بتایا کہ حدود الشمالیہ کے تاریخی مقامات خطے کے ماضی کو سمجھنے اور یہاں کے طرزِ زندگی کا جائزہ لینے کے لیے خاص تاریخی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان مقامات سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ قدیم دور میں معاشروں نے سفری راستوں پر پانی کے ذرائع تعمیر کرکے سخت صحرائی ماحول کے ساتھ کس طرح مطابقت پیدا کی۔
دربِ زبیدہ جو کوفہ سے مکہ تک کا تاریخی راستہ ہے۔ یہ خطے کے نمایاں تاریخی شواہد میں سے ایک ہے۔ اس کی شناخت پکے راستے، سمت کے تعین کے لیے پتھروں سے بنے نشانات، قلعہ نما سرائے اور آبی سہولتیں شامل ہیں۔

یہ تمام عناصر مسافروں اور تجارتی قافلوں کی خدمت، سفر میں سہولت کے ساتھ انسانی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے ایک مربوط نظام کا حصہ تھے۔
یہ تاریخی مقامات آج آنے والے سیاحوں کو ماضی کے نقشِ قدم پر چلنے اور قدیم راستوں، پانی کے ذرائع اور انسانی آبادیوں سے وابستہ زندگی کی تفصیلات دریافت کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

ان آثار کے ذریعے اس دور کی تجارتی و سماجی سرگرمیوں کو بھی سمجھا جا سکتا ہے جنہوں نے خطے کی تہذیبی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔

 

شیئر: