ایڈونچر اور ماحولیاتی سیاحت: شاہ سلمان رائل ریزرو کے 10 ہائیکنگ ٹریلز عالمی فہرست میں
جانچ پڑتال اور سائٹ سروے کے بعد ہائیکنگ ٹریلز کی منظوری دی گئی ہے ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
شاہ سلمان بن عبدالعزیز رائل نیچرل ریزرو ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے مملکت میں ایڈونچر سپورٹس اور ایکو ٹورازم (ماحولیاتی سیاحت) میں ایک نیا سنگ میل عبور کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اتھارٹی نے 10 ہائیکنگ ٹریلز کے لیے بین الاقوامی سرٹیفیکیشن حاصل کی ہے۔ یہ کامیابی ایڈونچر، سپورٹس اور ایکو ٹورازم کے میدان میں ایک اور اضافہ ہے۔
تمام ہائیکنگ ٹریلز کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے جو ریزرو کے مرکز میں بے مثال قدرتی تجربات فراہم کرتے ہیں۔ سعودی کلائمنگ اینڈ ہائیکنگ فیڈریشن نے جامع جانچ پڑتال اور سائٹ سروے کے بعد اس کی منظوری دی ہے۔
یہ کامیابی ماحولیاتی سیاحت اور مہم جوئی کے لیے ایک منفرد عالمی منزل کے طور پر ریزرو کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ یہ سیاحتی انفراسٹرکچر کی ترقی کے ذریعے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور پائیدار سیاحت کے فروغ کے قومی اہداف سے بھی ہم آہنگ ہے۔
شاہ سلمان ریزرو مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا محفوظ علاقہ ہے جو 130,700 مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہے۔ یہ الجوف، حائل، حدودِ شمالیہ اور تبوک کے علاقے تک پھیلا ہوا ہے۔

ریزرو نے مضبوط قدرتی رہائش گاہوں اور منفرد جغرافیائی حیثیت کے حوالے سے متعدد بین الاقوامی ماحولیاتی سرٹیفیکیشن حاصل کیے ہیں۔
