صحت مند شہری ماحول: نجران کو 27 ہزار خوبصورت پودوں سے سجا دیا گیا
نجران میونسپلٹی نے اہم شاہراہوں اور چوراہوں کو 27 ہزار سے زائد خوبصورت بوگن ویلیا کے پودوں سے سجا دیا ہے جس سے شہر کا منظر نامہ حسین ہو گیا۔
ایس پی اے کے مطابق اس اقدام سے رہائشیوں اور وزیٹرز کے لیے عوامی مقامات پُرکشش نخلستان میں تبدیل ہو رہے ہیں۔
بوگن ویلیا اپنی منفرد خصوصیات اور سخت موسمی حالات، بالخصوص شدید گرمی برداشت کرنے کی صلاحیت کے باعث باغبانی اور آرائش کے لیے ایک بہترین انتخاب ہے۔
یہ پودا کم پانی میں بھی زندہ رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کی دیکھ بھال بھی آسان ہے جو اسے خطے کے ماحول کے لحاظ سے ایک عملی اور پائیدار انتخاب بناتا ہے۔
یہ پودا گلابی، گہرے سرخ، چمکدار سفید، بنفشی اور نارنجی سمیت کئی دلکش رنگوں میں پایا جاتا ہے۔
میونسپلٹی شہری منظر نامے اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششوں میں اضافہ کر رہی ہے۔

یہ کوششیں گرین سعودی عرب انیشیٹیو کے مطابق ہیں جس کا مقصد سبز جگہوں میں اضافہ، صحرائی اثرات کو کم کرنا اور شہروں میں معیار زندگی کو بڑھانا ہے تاکہ ایک پائیدار اور صحت مند شہری ماحول کی تعمیر کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس سے قبل ریجنل میونسپلٹی نے شہر کے چوراہوں اور مرکزی شاہراہوں پر ثقافتی و تاریخی شناخت کو اجاگر کرتے ہوئے خوبصورت ماڈل نصب کیے تھے۔

شہر میں نصب کیے جانے والے ماڈل نجران کے ورثے سے ہم آہنگ ڈیزائنوں پرمشتمل ہیں۔ ان میں المصمک، حائل، کلاک ٹاور کے علاوہ مختلف علاقوں کے ثقافتی و تاریخی مقامات کی نمائندگی کرتے ماڈلز شامل ہیں جن کا مقصد مملکت کے دیگر خطوں کی عکاسی کرنا ہے۔
