عریبیئن گلف کپ: عراق کو دو صفر سے شکست دینے کے بعد سعودی عرب گروپ اے میں ٹاپ پر
سعودی عرب نے پورے میچ میں اپنا دباؤ برقرار رکھا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی قومی فٹ بال ٹیم نے جدہ کے کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی سٹیڈیم میں خلیجی 27 عریبیئن گلف کپ کے گروپ اے کے سٹیج کے تیسرے اور آخری راؤنڈ میں عراق کو 0-2 سے شکست دے دی۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق بغیر کسی گول کے پہلے ہاف کے بعد، عبداللہ السالم نے 54ویں منٹ میں پہلا گول کیا جس کے بعد 69ویں منٹ میں عبداللہ الحمدان نے اس برتری کو دوگنا کر دیا۔
سعودی عرب نے پورے میچ میں اپنا دباؤ برقرار رکھا اور میچ کی آخری سیٹی تک اپنی برتری قائم رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کی مسلسل تیسری فتح حاصل کی اور شاندار ریکارڈ کے ساتھ گروپ اے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
سعودی عرب نے اپنے پوائنٹس کی تعداد 9 کر کے گروپ اے میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ عراق چار پوائنٹس پر ہی رہا اور عمان کے فیئر پلے قانون کی بنیاد پر سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد گروپ سٹیج پر ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا کیونکہ دونوں ٹیموں کے پوائنٹس اور گول کا فرق برابر تھا۔

سعودی عرب اور عمان نے گروپ اے سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ عراق اور کویت ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔
