رہائشی خدمات کی خلاف ورزی: چار عمرہ کمپنیاں اور چار غیر ملکی ایجنٹس معطل
زائرین کی شکایات کمیٹی ان خلاف ورزیوں کی تحقیقات کر رپی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت حج وعمرہ نے مکہ مکرمہ میں بغیرلائسنس یافتہ رہائشی خدمات فراہم کرنے پر چار عمرہ کمپنیوں اور چار غیرملکی ایجنٹس کو معطل کردیا۔
وزارت نے کہا کہ عمرہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں اور ایجنٹس کی جاری نگرانی کے دوران ان خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کیا گیا۔ ان کے کیسز زائرین کی شکایات کمیٹی کو بھیجے گئے جو ان خلاف ورزیوں کی تحقیقات اور ممکنہ قانونی کارروائی پر غور کر رہی ہیں۔
اس اقدام کا مقصد زائرین کے حقوق کا تحفظ کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ عمرہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیاں رہائش اور خدمات کے معیار کی پاسداری کریں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ عمرہ کمپنیوں، خدمات فراہم کرنے والے اداروں اور بیرون مملکت ایجنٹس کی فیلڈ اور ڈیجیٹل نگرنی کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ معاہدے کے مطابق خدمات کی فراہمی اور کسی بھی خلاف ورزی کی بروقت نشاندہی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزارت نے لائسنس یافتہ عمرہ کمپنیوں اور ان کے بین الاقوامی شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ سعودی ضوابط کی پابندی اور اپنی معاہداتی ذمہ داری پوری کریں جبکہ زائرین سے کہا گیا کہ وہ عمرہ سفر اور رہائش کے انتظام کے لیے سرکاری طور پر منظور شدہ سروس پروائیڈرز اور پلیٹ فارمز کا استعمال کریں۔

وزارت نے کہا کہ اس نے رواں سال عمرہ سیزن کے آغاز سے اب تک 32 ہزار سے زیادہ معائنے کیے ہیں۔ ان کا مقصد ریگولیٹری اور آپریشنل ریکوائرمنٹ کی تعمیل کو یقینی بنانا اور خدمات کو متاثر کرنے والی خلاف ورزیوں کو روکنا ہے۔
یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب سعودی عرب، وژن 2030 کے تحت ’پیلگرم ایکسپیرئنس پروگرام‘ کے تحت زائرین کی خدمات کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس پروگرام کا مقصد حج اور عمرہ زائرین کے سفر کو زیادہ سے زیادہ منظم اور آسان بنانا، آمد سے روانگی تک فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
