Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض اور خمیس مشیط کو نشانہ بنانے والے حوثی بیلسٹک میزائلوں کو روک لیا گیا

ترجمان کے مطابق ریاص کی جانب دو اور خمیس مشیط پر ایک میزائل داغا گیا ( فوٹو: اے ایف پی)
اتحادی فورسز کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ جمعرات کو حوثیوں کی جانب سے ریاض کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو راستے میں روک کر تباہ کردیا۔
ترجمان نے بتایا خمیس مشیط کو نشانہ بنانے والے حوثیوں کے ایک اور بیلسٹک میزائل کو بھی کامیابی سے روک کر تباہ کر دیا گیا۔
حوثیوں نے اس قبل ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا تھا۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق ریاض اور ابھا ایئرپورٹس پر حملوں میں تین افراد جان سے گئے جبکہ 36 افراد زخمی ہوئے۔
ابھا ایئرپورٹ پر حملے میں مراکش اور الجزائر کی دو خواتین کی موت واقع ہوئی جبکہ 28 افراد زخمی ہوئے جبکہ کنگ خالد ایئرپورٹ پر حملے میں ایک سوڈانی شہری جان سے گیا اور آٹھ افراد زخمی ہوئے تھے۔
اس سے قبل اتحادی فورسز کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ ریاض پر حملے میں استعمال ہونے والے بیلسٹک میزائل لانچ پلیٹ فارم کو تباہ کر دیا گیا۔
 ترجمان کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعا میں یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب اس پلیٹ فارم سے مملکت پر ایک اور حملے کی تیاری کی جا رہی تھی۔
اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ’سعودی عرب میں شہریوں، شہری تنصیبات اور ریاض اور ابھا ایئرپورٹس کو نشانہ بنائے جانے والے دہشت گرد حوثی ملیشیا کے وحشیانہ حملے ’بغیر سزا کے‘ نہیں رہیں گے۔‘
علاوہ ازیں عرب ممالک اور علاقائی تنظیموں نے سعودی عرب کے دو ہوائی اڈوں پر حوثیوں کی جانب سے کیے گئے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جن میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
 علاقائی تنظیموں نے حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔

 

شیئر: