سعودی عرب سے یورپی یونین اور اردن کا اظہار یکجہتی، حوثی حملوں کی مذمت
اتوار 11 اکتوبر 2026 18:56
سعودی وزیر خارجہ سے یورپی یونین کی نائب صدر اور اردنی ہم منصب نے رابطہ کیا ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے اتوار کو یورپی یونین کی اعلی نمائندہ برائے خارجہ امور، سکیورٹی پالیسی اور یورپی یونین کی نائب صدر کاجا کلاس نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران سعودی عرب اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کاجائزہ، باہمی دلچسپی کی علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حملوں پر بھی بات کی۔
کاجا کلاس نے یورپی یونین کی جانب سے حملے کی مذمت کا اعادہ کیا اور کہا کہ شہریوں اور سول انفرا سٹرکچر کو نشانہ بنانے والے اندھا دھند حملوں کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
انہوں نے مملکت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی۔
انہوں نے علاقائی کشیدگی میں کمی کے لیے کوششوں کی ضرورت، خطے میں آبی گزرگاہوں کی سکیورٹی اور سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے بحری دفاع میں تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے اتوار کو اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔
اردنی وزیر خارجہ نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت اور مملکت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
انہوں نے حملے میں زخمی ہونے والے اردنی شہریوں کی دیکھ بھال اور طبی سہولتوں کی فراہمی پر سعودی حکام کی کوششوں کو سراہا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے حالیہ علاقائی صورتحال، خطے کی سکیورٹی اور استحکام کو سپورٹ کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
