مادھوری ڈکشٹ چھوٹی سکرین پر، کامیڈی اینڈ کرائم تھرلر فلم ’ماں بہن‘ نیٹ فلکس پر کب ریلیز ہو رہی ہے؟
مادھوری ڈکشٹ چھوٹی سکرین پر، کامیڈی اینڈ کرائم تھرلر فلم ’ماں بہن‘ نیٹ فلکس پر کب ریلیز ہو رہی ہے؟
ہفتہ 16 مئی 2026 18:45
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
فلم میں مادھوری ڈکشٹ ریکھا کے کردار میں نظر آئیں گی (فوٹو: نیٹ فلکس، سکرین گریب)
بالی وڈ کی مشہور اداکارہ مادھوری ڈکشٹ اور ترپتی ڈمری کی نئی نیٹ فلکس فلم ’ماں بہن‘ کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔
’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق ’ماں بہن‘ کی کہانی جُرم اور مزاح سے بھرپور ہے اور یہ چار جُون کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔
نیٹ فلکس نے مادھوری ڈکشٹ کی سالگرہ کے موقعے پر فلم کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ’ماں بہن‘ ایک ایسی کرائم کامیڈی ہے جو ہنگامے، مزاح اور غیر متوقع واقعات سے بھرپور ہوگی۔
نیٹ فلکس کی طرف سے سوشل میڈیا پوسٹ کے ساتھ دلچسپ کیپشن بھی شیئر کیا گیا جس میں لکھا تھا کہ ’دَھک دَھک ہو رہا ہے؟ تاریخ نوٹ کر لو، ’ماں بہن‘ چار جُون کو صرف نیٹ فلکس پر۔‘
فلم کی ہدایت کاری سریش تروینی نے کی ہے جبکہ کہانی ایک ایسی ماں اور اس کی دو بیٹیوں کے گرد گھومتی ہے جن کی زندگی اس وقت مکمل طور پر بدل جاتی ہے جب ان کے کچن میں اچانک ایک لاش نمودار ہوجاتی ہے۔
کہانی میں ریکھا، جیا اور سشمہ نامی یہ تینوں خواتین سچ چُھپانے کی کوشش کرتی ہیں، مگر جُھوٹ، خوف، گھبراہٹ اور پڑوسیوں کی مداخلت ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیتی ہے۔
فلم کو ’کامیڈی آف ایررز‘ انداز میں پیش کیا گیا ہے جہاں ہر لمحہ ایک نیا ہنگامہ جنم لیتا ہے۔
فلم میں مادھوری ڈکشٹ، ریکھا کے کردار میں نظر آئیں گی جبکہ ترپتی ڈمری اور دھرنا دُرگا ان کی بیٹیوں کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ روی کشن بھی اہم کردار میں شامل ہیں۔ دیگر کاسٹ میں گیتانجلی کلکرنی، ارونودے سنگھ اور شردول بھردواج شامل ہیں۔
’ماں بہن‘ کو ’ابونڈنٹیا انٹرٹینمنٹ‘ اور ’اوپننگ امیج فلمز‘ کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ فلم کے پروڈیوسرز وکرم ملہوترا اور سریش تروینی ہیں جبکہ کہانی سریش تروینی اور پوجا تولانی نے لکھی ہے۔ پوجا تولانی نے فلم کے سکرین پلے اور ڈائیلاگ بھی تحریر کیے ہیں۔
’ابونڈنٹیا انٹرٹینمنٹ‘ کے بانی و چیف ایگزیکٹیو وکرم ملہوترا کا کہنا ہے کہ ’’ماں بہن‘ ایک ایسی کہانی ہے جو اپنے منفرد اور جرات مندانہ خیال کی وجہ سے ابتدا ہی سے ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کرلیتی ہے۔‘
ان کے مطابق ’فلم مزاح اور افراتفری کے پیچھے ایک جذباتی اور انسانی کہانی بھی بیان کرتی ہے، جو خاندان، معاشرے اور بقا کے لیے کیے جانے والے فیصلوں کے گرد گھومتی ہے۔‘
نیٹ فلکس انڈیا کی ڈائریکٹر اوریجنل فلمز، رچیکا کپور شیخ نے بھی فلم کو پلیٹ فارم کے لیے ایک خاص اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک ایسی کامیڈی ہے جو ہنسی کے ساتھ شروع ہوتی ہے لیکن آگے چل کر غیر متوقع موڑ اختیار کرلیتی ہے۔‘