تجارتی خلاف ورزیوں پر جرمانوں کے نئے ضوابط جاری
جمعہ 16 اکتوبر 2026 21:58
فروخت شدہ سامان تبدیل یا واپس نہ ہونے کا نوٹس لگانا خلاف ورزی ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزیر تجارت، ماجد القصبی نے تجارتی ضوابط جاری کرتے ہوئے خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کرنے کے شیڈول کی منظوری جاری کردی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارتِ تجارت کی جانب سے اشیائے ضروریہ کے لیے مقرر کیے گئے نرخوں کی خلاف ورزی پرایک لاکھ ریال تک جرمانے مقرر کیے ہیں۔
دکانوں یا تجارتی اداروں کی جانب سے ’فروخت شدہ مال واپس یا تبدیل نہیں ہوگا‘ کا نوٹس لگانے پر ایک ہزار ریال تک جرمانہ کیا جائے گا۔
منظور شدہ ضوابط میں الیکٹرانک ادائیگی سے متعلق خلاف ورزی پر 200 سے ایک ہزار ریال تک جرمانہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ دستیاب ادائیگی کے وسائل ہوتے ہوئے بھی استعمال کرنے سے انکار کرنے پر 4 سو سے دو ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
وہی خلاف ورزی دوبارہ ریکارڈ ہونے کی صورت میں جرمانہ دگنا ہوگا۔ فروخت کی جانے والی اشیا کی رسید جاری نہ کرنا، اشیا پر قیمت درج نہ کرنا بھی مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی شمار کی جائے گی۔
دیگر خلاف ورزیوں میں رعایتی (سیل) اور تجارتی مقابلوں کے انعقاد کے لیے مقررہ ضوابط کی پابندی نہ کرنا، مصنوعات کے بارے میں غلط معلومات فراہم کرنا بھی خلاف ورزی میں شمار کیا جائے گا، جس پر دوس سے ایک ہزار ریال تک جرمانہ مقرر کیا گیاہے۔
وزارتِ تجارت کی جانب سے مقررہ خلاف ورزیوں کے زمرے میں متعدد تجارتی امور شامل ہیں جن پر خلاف ورزیوں کا اطلاق کیا گیا ہے۔