گرین ہاؤسز، حرارت اور ماحول کو مناسب رکھنے کے لیے مفید ہوتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
قصیم ریجن میں ’الوسم‘ سیزن کے شروع ہوتے ہی کاشت کاروں کی جانب سے مختلف سبزیاں اُگانے کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مملکت میں ’الوسم سیزن‘ موسم سرما کے آغاز سے شروع ہو جاتا ہے جس کا دورانیہ 52 دنوں پر محیط ہوتا ہے۔ اس موسم میں مختلف علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے زمین کی زرخیزی میں اضافہ ہو جاتا ہے جو کاشتکاری کے لیے انتہائی موزوں ہے۔
موسم سرما کی فصلوں میں عام طورپر پتوں والی، جڑوں اور پھلی دار سبزیوں کے علاوہ بعض پھل دار سبزیاں بھی شامل ہیں ، جن کی کاشت کا وقت درجہ حرارت کی ضرورت اور طریقہ پیداوار کے اعتبار سے مختلف ہوتا ہے۔
موسمِ سرما میں کاشت کی جانے والی سبزیوں میں سلاد کے پتے، پالک، دھنیا، گاجر، مولی، شلجم، پیاز، لہسن، مٹر اور دیگر پھلیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پھول گوبھی، بروکلی، بند گوبھی کی کاشت بھی بہترین طریقے سے ممکن ہوتی ہے۔
مناسب زرعی حالات میں خصوصاً گرین ہاوسز میں ٹماٹر، کھیرا، شملہ مرچ، بینگن اور توری کی کاشت بھی کامیابی سے کی جاسکتی ہے۔
موسم الوسم، سرمائی فصلوں کی تیاری کے لیے اہم ہوتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
علاقے کے ایک کاشتکار ’سلیمان المشیطی‘ کا کہنا ہے کہ موسم الوسم، سرما کی فصلوں کی تیاری کے لیے اہم ہوتا ہے۔
ان کے مطابق فصل اور اس کی کاشت کے وقت کا تعین پودے کی نوعیت، درجہ حرارت اور پانی کی مطلوبہ ضرورت کے علاوہ کاشت کی جانے والی زمین اور پیداوار کے طریقے کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔
المشیطی کا مزید کہنا تھا کہ پتوں والی، جڑوں والی اور پھلی والی سبزیوں کی مختلف اقسام اُگانے سے کاشت کار پورے موسم میں پیداوار کو مختلف اوقات میں تقسیم کرسکتے ہیں۔
انہوں نے ہر فصل کے لیے موزوں زرعی طریقوں پر عمل کرنے اور موسم کی صورتحال کی نگرانی کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ کاشت، آبپاشی اور فصل کی کٹائی کے لیے مناسب اوقات کا تعین کیا جاسکے۔
کاشت کار کے مطابق موزوں موسمی حالات میں بعض سبزیاں عام کھیتوں میں اُگائی جاسکتی ہیں، جبکہ گرین ہاؤسز کے ذریعے درجہ حرارت اور پودوں کے اطراف کے ماحول اور موسم کو قابو میں رکھنا ممکن ہوتا ہے۔