Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صحرائی پھیلاؤ کی روک تھام، کنگ سلمان ریزرو میں 49 لاکھ 50 ہزار پودے لگانے کی مہم

ریزرو میں 7 لاکھ 51 ہزار ہیکٹراراضی کی بحالی کا کام بھی مکمل ہوگیا ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
کنگ سلمان بن عبدالعزیز رائل ریزرو ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے شجرکاری سیزن کے آغاز کے ساتھ سبزہ زاروں کی بحالی اور صحرائی پھیلاؤ کو روکنے کی مہم تیز کر دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ اقدامات ماحول کے تحفظ، قدرتی وسائل کی ترقی اور ماحولیاتی پائیداری کے فروغ سے متعلق اتھارٹی کے سٹریٹیجک منصوبوں کا حصہ ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے اب تک رائل ریزرو کے مختلف مقامات میں 49 لاکھ 50 ہزار سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں۔
جبکہ مقامی انواع کے 10 ہزار 966 کلو گرام بیج بھی بکھیرے گئے ہیں جس سے سبزہ بڑھانے اور حیاتیاتی تنوع کو فروغ دینے میں مدد مل رہی ہے۔
ریزرو میں سات لاکھ 51 ہزار ہیکٹراراضی کی بحالی کام بھی مکمل کیا گیا ہے۔ اس کے لیے جدید سائنسی طریقے اپنائے گئے تاکہ زمین کی زرخیزی بحال اور قدرتی نباتات کی افزائش کو مستحکم کیا جا سکے۔
ماحولیاتی صفائی اور جنگلی حیات کے مسکن کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے۔ 92 ٹن کچرا اور فاضل مواد ہٹایا گیا۔ اس سے قدرتی ماحولیاتی نظام کی صحت بہتر بنانے اور جنگلی حیات کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

اتھارٹی کی یہ کامیابیاں ماحول کے تحفظ، قدرتی وسائل کی بحالی اور آئندہ نسلوں کے لیے ان کی حفاظت کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان کوششوں کا مقصد معاشرتی اور ادارہ جاری تعاون سے ایک سرسبز اور ماحول دوست وطن کی تعمیر ہے۔

 

شیئر: