مدینہ کی اسلامی یونیورسٹی نے 34 ہزار نسخے ڈیجیٹائز کر دیے
یونیورسٹی نے واضح کیا کہ یہ مجموعہ ایک علمی ذریعے کے طور پر کام کرتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ کی اسلامی یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری میں 34 ہزار 615 مائیکرو فلم اور 916 اصل کاغذی نسخے موجود ہیں جن کو ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے اور اس مجموعے میں ساتویں صدی ہجری سے تعلق رکھنے والے نسخے بھی شامل ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یونیورسٹی نے واضح کیا کہ یہ مجموعہ ایک علمی ذریعے کے طور پر کام کرتا ہے جو طلبہ اور محققین کو اسلامی ورثے کے بنیادی ذرائع سے جوڑتا ہے۔
یہ انہیں تحقیق اور تصحیح کے لیے اصل تحریری متن دیکھنے کے قابل بناتا ہے جبکہ صدیوں سے علمائے کرام کے تحریر کرنے اور نسخے نقل کرنے کے طریقوں کو سمجھنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
یونیورسٹی نے مزید بتایا کہ یہ منصوبہ ڈیجیٹل تبدیلی کو آگے بڑھانے اور مرکزی لائبریری کی خدمات کے استعمال کا تجربہ بہتر بنانے کے لیے اس کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔
