Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عسیر کا الینفع ہیریٹیج ولیج: ثقافتی سیاحت کو دوبارہ سے زندہ کر رہا ہے

اس دو ماہ طویل ثقافتی پروگرام میں 55 ہزار سے زیادہ لوگوں کی آمد متوقع ہے (فوٹو: ایس پی اے)
عسیر ریجن میں ابہا سے 40 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع الینفع تاریخی گاؤں سمر سیزن کے تحت سعودی عرب اور بیرونِ ملک سے آنے والوں کا خیرمقدم کر رہا ہے۔ یہاں پہاڑی بارشوں کے دلکش مناظر کے ساتھ ثقافتی، روایتی اور تفریحی پروگراموں کا ایک وسیع سلسلہ پیش کیا جا رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ایک لاکھ 21 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر پھیلا یہ گاؤں 16 تاریخی محلات اور سخت پہاڑی ڈھلوانوں پر تعمیر کردہ چھ قدیم مساجد پر مشتمل ہے جن میں تقریباً 400 جڑے ہوئے پتھر کے مکانات شامل ہیں۔
اس کے طرزِ تعمیر میں رہائش گاہوں کے نیچے بنائی گئی پتھر کی 36 زیرِ زمین راہداریاں بھی شامل ہیں جو محلوں کو باہم جوڑتی اور پیدل آمد و رفت کو آسان بناتی ہیں۔
یہ گاؤں قدیم انجینیئرنگ کی شاندار مہارت کو بھی اجاگر کرتا ہے جن میں درجنوں قدیم کنوئیں، تقسیم کار نہروں سے جڑے چٹانوں میں تراشے گئے سات متصل کنوئیں اور سیڑھی دار کھیتوں کو سیراب کرنے والی 160 میٹر طویل چٹانی کاریز شامل ہیں۔

کمیونٹی کے تاریخی ورثے کی عکاسی چٹانوں میں تراشے گئے غلے کے 50 گوداموں اور روایتی کمیونٹی ہاؤس سے بھی ہوتی ہے جہاں تاریخی طور پر ضرورت مند خاندانوں کی مدد اور مسافروں کی مہمان نوازی کے لیے اجتماعی فصلیں ذخیرہ کی جاتی تھیں۔

31 اگست تک جاری رہنے والے میلے کے ساتھ، اس دو ماہ طویل ثقافتی پروگرام میں 55 ہزار سے زیادہ لوگوں کی آمد متوقع ہے جو عسیر کے تاریخی سیاحتی مقامات کو نمایاں کرنے کے ساتھ ساتھ علاقے کی منفرد ثقافتی و تعمیراتی شناخت کو محفوظ بنا رہا ہے۔

 

شیئر: