’سام سنگ‘ کا سستا فون مہنگے ’گلیکسی ایس 26 الٹرا‘ سے پہلے نئے سافٹ ویئر پر کیوں آگیا؟
’سام سنگ‘ کا سستا فون مہنگے ’گلیکسی ایس 26 الٹرا‘ سے پہلے نئے سافٹ ویئر پر کیوں آگیا؟
بدھ 16 ستمبر 2026 6:10
اس تبدیلی کا مطلب یہ نہیں کہ گلیکسی ایس سیریز کو کوئی نقصان ہوا ہے (فائل فوٹو: اے پی)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ’سام سنگ‘ کے رواں برس کے فلیگ شپ فونز میں ایک دلچسپ صورتحال سامنے آئی ہے۔
کمپنی کا نسبتاً سستا ’گلیکسی ایس 26 ایف ای‘ نئے سافٹ ویئر ’ون یو آئی 9‘ کا مستحکم ورژن حاصل کرچکا ہے، جبکہ کمپنی کا سب سے مہنگا فلیگ شپ ’گلیکسی ایس 26 الٹرا‘ اب بھی بیٹا مرحلے میں ہے۔
’اینڈورائڈ پولیس‘ کے مطابق ’گلیکسی ایس 26 ایف ای‘ کو اگست کے آخر میں ’ون یو آئی 9‘ کا اپ ڈیٹ مل چکا ہے جبکہ ’ایس 26 الٹرا‘ کی قیمت اس سے تقریباً دو گنا ہے۔
بظاہر یہ صورتحال حیران کن لگتی ہے، تاہم یہ کسی غلطی کا نتیجہ نہیں بلکہ ’سام سنگ‘ کی نئی اپ ڈیٹ حکمت عملی کا حصہ ہے۔
ماضی میں ’سام سنگ‘ کی ’گلیکسی ایس‘ سیریز کو نئے اینڈرائیڈ اور ’ون یو آئی‘ اپ ڈیٹس سب سے پہلے ملتے تھے۔ کمپنی پہلے اپنی ایس سیریز کے نئے فلیگ شپ فونز کو اپ ڈیٹ کرتی، جس کے بعد فولڈیبلز، ایف ای اور دیگر فونز تک نیا سافٹ ویئر پہنچتا تھا۔
تاہم گزشتہ دو جنریشنز یعنی ’گلیکسی ایس 25‘ اور ’ایس 26‘ کے ساتھ یہ ترتیب تبدیل ہو گئی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ ’گوگل‘ کی جانب سے اینڈرائیڈ کے نئے ورژن جاری کرنے کے شیڈول میں تبدیلی ہے۔
ماضی میں اینڈرائیڈ کے بڑے اپ ڈیٹس عموماً اگست سے اکتوبر کے درمیان جاری ہوتے تھے، جبکہ سام سنگ اپنی فولڈیبل سیریز جولائی یا اگست میں متعارف کراتا تھا۔ اس لیے نئے اینڈرائیڈ ورژن فولڈیبلز کے لانچ کے بعد دستیاب ہوتے اور ایس سیریز کو پہلے اپ ڈیٹ مل جاتا۔
اب ’گوگل‘ نے اینڈرائیڈ کے بڑے اپ ڈیٹس کی ریلیز کا وقت جون یا جولائی کے قریب کر دیا ہے۔ نتیجتاً ’سام سنگ‘ کے فولڈیبل فونز نئے اینڈرائیڈ ورژن کے ساتھ ہی مارکیٹ میں آتے ہیں۔ اسی وجہ سے ’گلیکسی زیڈ فولڈ 7‘، ’زیڈ فلپ 7‘ اور بعد میں ’زیڈ فولڈ 8‘ اور ’زیڈ فلپ 8‘ کو نئے ون یو آئی ورژن کے ساتھ لانچ کیا گیا، جبکہ ایف ای ماڈلز بھی اسی شیڈول سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔
اس تبدیلی کا مطلب یہ نہیں کہ گلیکسی ایس سیریز کو کوئی نقصان ہوا ہے، بلکہ فولڈیبل اور ایف ای فونز کو نئے سافٹ ویئر کے ساتھ لانچ ہونے کا فائدہ مل گیا ہے۔
البتہ اس صورتحال کا ایک دلچسپ پہلو بھی ہے۔ ’سام سنگ‘ اپنے فونز کے لیے سات جنریشنز تک آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹس دینے کا وعدہ کرتا ہے اور عام طور پر اس کا آغاز فون میں موجود ابتدائی اینڈرائیڈ ورژن سے ہوتا ہے۔
’سام سنگ‘ اپنے فونز کے لیے سات جنریشنز تک آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹس دینے کا وعدہ کرتا ہے (فائل فوٹو: اے پی)
اس حساب سے گلیکسی ’ایس 26 ایف ای‘ کو ’گلیکسی ایس 26 الٹرا‘ کے مقابلے میں ایک اضافی بڑی او ایس اپ ڈیٹ مل سکتی ہے، کیونکہ ایف ای نئے ورژن کے ساتھ لانچ ہوا ہے۔
دوسری جانب سام سنگ نے ایس سیریز کے صارفین کے لیے ’پوائنٹ فائیو‘ اپ ڈیٹس کا راستہ اختیار کیا ہے۔ ’ون یو آئی 8.5‘ اس کی مثال ہے جو ’اینڈرائیڈ 16‘ پر مبنی ہونے کے باوجود ’ون یو آئی 8.0‘ کے مقابلے میں زیادہ فیچرز کے ساتھ آیا۔
ایسی اپ ڈیٹس میں گڈ لاک، گلیکسی اے آئی اور دیگر نئے فیچرز شامل کیے جا سکتے ہیں، جس کی وجہ سے صرف یہ دیکھنا اہم نہیں رہتا کہ فون پر ون یو آئی کا کون سا نمبر چل رہا ہے۔
یوں ’گلیکسی ایس 26 الٹرا‘ کے صارفین کو ’ون یو آئی 9‘ کے لیے کچھ زیادہ انتظار ضرور کرنا پڑ رہا ہے، لیکن ’سام سنگ‘ کی حکمت عملی انہیں درمیان میں زیادہ فیچر سے بھرپور اپ ڈیٹس فراہم کرکے اس فرق کو متوازن کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ ’ون یو آئی 9‘ میں بھی کئی ایسے فیچرز شامل ہیں جن کے لیے انتظار کرنا صارفین کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔