Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زین تھیٹر کا سٹیج شو: تعلیم، تفریح اور خاندانی اجتماع کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم

 سعودی ’زین‘ کمپنی نے ریاض میں اپنی نوعیت کا پہلا میوزیکل تھیٹر ’امیرہ قلبی زین‘ (زین میرے دل کی ملکہ) کے عنوان سے متعارف کرایا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ایک ایسا جامع ثقافتی اور فنی تجربہ پیش کیا جا رہا ہے جس میں تھیٹر، موسیقی اور تخیل کو خوبصورت کہانی کی شکل میں یکجا کیا گیا ہے۔
زین سعودی عرب کی کارپوریٹ کمیونیکیشن کی نائب صدر ایمان الصعیدی نے بتایا کہ زین تھیٹر کی پرانی تاریخ ہے جو 15 برس پر محیط ہے۔ اس پلیٹ فارم سے متعدد میوزیکل تھیٹر پروڈکشنز پیش کی جاتی رہی ہیں۔
اس تھیٹر نے بچوں پر مثبت اثر مرتب کیے۔ بیک وقت تعلیم، تفریح اور خاندانی اجتماع کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم کے طور پر فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسی سوچ کے تحت زین، ثقافت اور فنون کو اجاگر کرنے، سوچ کو تحریک دینے اور بچوں میں ابتدائی عمر سے مثبت اقدار کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔

ان کے مطابق مملکت میں زین تھیٹر کا انعقاد اسی سوچ کا تسلسل ہے جو ثقافتی منظر نامے کو مزید موثر بنانے کی ایک کوشش بھی ہے۔
’زین تھیٹر کا شمار ایسے  سٹیج شوز میں ہوتا ہے جن کے ذریعے رواں عربی زبان کی ترویج کو اہمیت دی جاتی ہے۔ گزشتہ 15 برسوں کے دوران 15 سے زائد سٹیج شوز پیش کیے جا چکے ہیں جو تمام رواں اور سلیس عربی زبان میں تھے۔‘  
یہ بھی کوشش ہے کہ خاندانوں میں مثبت فضا کو پروان چڑھایا جائے۔ اس وقت ریاض میں جس تھیٹر کا آغاز کیا گیا ہے اس میں تین ہزار سے زیادہ نشتیں ہیں جو تمام بھری ہوئی ہیں۔ یہ عوامی سطح پر ہماری کاوش کی پسندیدگی کا واضح ثبوت بھی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تھیٹر کی تیاری میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا جس سے ماحول کو مزید پُر اثر اور خوبصورت بنانے میں مدد ملی۔
’تھیٹر کے ذریعے ہم اپنی جامع روایات اور اقدار کو لطیف پیرائے میں بچوں تک پہنچاتے ہیں تاکہ وہ اس سے لطف اندوز ہوں اور ہمارا مثبت پیغام بھی ان تک پہنچ سکے۔‘

 

شیئر: