مغربی کنارے میں سرائیلی حملہ، 3 افراد ہلاک؛ اسرائیل کا حماس کے کارکن کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے ایمبولینس سروس کے ان الزامات پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے جمعہ کے روز مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک فضائی حملہ کیا، جس میں ایک فلسطینی ہلاک ہوا، جسے اسرائیل نے حماس کا جنگجو قرار دیا، جبکہ اس کے دو ساتھی بھی مارے گئے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مقبوضہ علاقے میں اسرائیلی فضائی طاقت کا اس طرح مہلک استعمال نسبتاً کم ہے۔
حماس نے اس حملے کی مذمت کی، تاہم اس نے نشانہ بنائے گئے شخص، جسے اسرائیلی فوج نے قیس بطاوی کے نام سے شناخت کیا، کو اپنا رکن قرار نہیں دیا۔
اسرائیلی فوج اور طبی حکام کے مطابق یہ حملہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے جنین میں ایک گاڑی کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔
مغربی کنارے میں حالیہ عرصے کے دوران فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں اور فلسطینی شہروں میں اسرائیلی فوجی چھاپوں میں اضافہ ہوا ہے۔ شمالی مغربی کنارہ، جہاں جنین واقع ہے، گزشتہ سال اسرائیلی فوج کی ایک بڑی کارروائی کا مرکز بھی رہا تھا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اس کارروائی کا مقصد مسلح گروہوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا تھا۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ قیس بطاوی اسرائیلی شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی، مالی معاونت اور کارروائیوں میں ملوث تھا۔ فوج کے مطابق اس کے غزہ میں موجود حماس کے ارکان کے علاوہ بیرونِ ملک موجود گروپ کے ارکان سے بھی رابطے تھے۔
فلسطینی ہلالِ احمر کی ایمبولینس سروس نے کہا کہ اسرائیلی زمینی فوج نے ڈرون حملے کی جگہ پر چھاپہ مارا، طبی عملے کو مختصر وقت کے لیے حراست میں لیا اور انہیں زخمیوں یا ہلاک ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کرنے سے روک دیا۔
اسرائیلی فوج نے ایمبولینس سروس کے ان الزامات پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
2025 میں شمالی مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی اپنے گھروں سے بے دخل ہوئے۔ اسرائیلی فورسز نے پناہ گزین کیمپوں کو خالی کرایا اور مغربی کنارے کے بعض شہروں میں کئی دہائیوں کے دوران اپنی طویل ترین فوجی موجودگی برقرار رکھی۔
ہیومن رائٹس واچ نے اسرائیل پر جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات عائد کیے ہیں۔ تنظیم کے مطابق فلسطینیوں کو زبردستی ان کے علاقوں سے نکالا گیا۔ اسرائیل ان جرائم کے ارتکاب کی تردید کرتا ہے۔
ادھر غزہ میں، جہاں امریکہ حماس کے جنگجوؤں کو غیر مسلح کرنے کے بدلے اسرائیل کی غزہ سے واپسی کے معاہدے کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے، غزہ کے محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق جمعہ کے روز تین اسرائیلی حملوں میں کم از کم پانچ فلسطینی ہلاک ہوئے۔
ان واقعات میں دیر البلح کے قریب اسرائیلی حملہ بھی شامل تھا، جس میں ایک ہی خاندان کے تین افراد مارے گئے۔ اس کے علاوہ غزہ سٹی میں ایک موٹر سائیکل پر حملے میں ایک شخص ہلاک ہوا، جبکہ غزہ سٹی میں ہی ایک الگ اسرائیلی حملے میں ایک اور فلسطینی مارا گیا۔
اسرائیلی فوج نے ان حملوں پر بھی فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔