Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خور الدمام‘ واٹر فرنٹ پروجیکٹ، سیاحت اور تفریح کی نئی منزل

واٹر فرنٹ ڈیویلپمنٹ پروجیکٹ 60 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے (فوٹو: ایس پی اے)
الشرقیہ ریجن کی میونسپلٹی نے ’خورالدمام‘ کا پہلے مرحلہ مکمل کرلیا۔ 1.2 کلومیٹر طویل  واٹر فرنٹ ڈیویلپمنٹ پروجیکٹ 60 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر محیط ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس تفریحی منصوبے سے دمام شہر ایک نئی ساحلی و سیاحتی تفریحی منزل کے طور پر سامنے آئے گا۔ خطے میں سیاحت اور پرکشش تفریحی مواقع میں اضافے کا باعث بنے گا۔
خورالدمام پروجیکٹ میونسپلٹی کے اہم ترقیاتی منصوبوں میں سے ایک ہے جس کا مقصد خطے کے شہری اور سیاحتی منظر نامے کو بہتر بنانا ہے سعودی وژن کے اہداف کے مطابق یہ منصوبہ  ساحلی تفریحی  مقامات کے ساتھ معیار زندگی کو بھی بہتر بنائے گا۔
میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل میڈیا اور سرکاری ترجمان فیصل الزھرانی نے بتایا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں واکنگ ٹریکس، سٹنگ ایریا، سبزہ زار، چلڈرن انٹرایکٹیو پلے ایریاز اور ریتیلے ساحل شامل ہوں گے۔
یہ تمام سہولتیں مقامی رہائشیوں اور سیاحوں کو تفریحی کا ایک جامع تجربہ فراہم کریں گی اور دمام میں سیاحت کے نئے راستے کھولیں گی۔

 دوسرے مرحلے میں اس منصوبے کو مزید وسعت دی جائے گی جس کا رقبہ 250 ہزار مربع میٹر سے زیادہ جبکہ مجموعی لمبائی 4.8 کلومیٹر تک ہوگی۔ اس مرحلے میں مینگرووز کے جنگلات کا علاقہ شامل ہوگا جبکہ سیاحتی سرمایہ کاری سے متعلق سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
ان میں مارینا، ریستوران، کیفے اور ریتیلے ساحل کی توسیع کے ساتھ سرمایہ کاری کے مزید مقامات  شامل ہیں۔ یہ توسیعی منصوبہ مختلف سرگرمیوں اور سمندری و تفریحی تجربوں میں تنوع لائے گا جس سے الشرقیہ میں ایک سیاحتی مقام کے طور پر اس کی اہمیت مزید بڑھے گی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ خورالدمام کی ترقی میونسپلٹی کے سٹریٹیجک اہداف کا حصہ ہے جس میں ساحلی مقامات کو جدید خطوط پر استوار کرنا، سیاحتی و تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور مختلف سماجی طبقات کی ضروریات کے مطابق کھلی جگہیں اور سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

 

شیئر: