بیش کارنش نے قدرتی مناظر کو سیاحتی سرمایہ کاری کے مواقع سے جوڑ دیا
ایک ساحلی سیاحتی ریزوٹ کو تیار کرنے، چلانے اور اس کی دیکھ بھال کے لیے بولیوں کی دعوت دی گئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
شمالی بحیرۂ احمر کے ساحل کے ساتھ ایک اعشاریہ سات کلومیٹر تک پھیلا ہوا بیش کارنش قدرتی مناظر کو تفریحی سہولیات کے ساتھ یکجا کرتا ہے جو مقامی رہائشیوں اور سیاحوں کو تفریح، سکون اور بیرونی سرگرمیوں کے لیے ایک بہترین مقام فراہم کر رہا ہے۔ اس ساحلی پٹی پر سنہری ریت کے ٹیلے، سبزہ زار اور سمندر کے دلکش مناظر موجود ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ساحل کے مشرق میں پھیلے ہوئے ریت کے ٹیلے اس کارنش کو ایک منفرد قدرتی انداز دیتے ہیں جس سے ایک ایسا ساحلی منظر بنتا ہے جس کے رنگ اور خوبصورتی دن بھر بدلتی رہتی ہے۔
یہ ٹیلے سیاحوں کے لیے جمع ہونے اور گرد و پیش کے قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے کے لیے کھلے مقامات فراہم کرتے ہیں جو اس علاقے کی سیاحتی کشش میں اضافہ کرتے ہیں۔
ان قدرتی مناظر کے ساتھ ساتھ یہاں مختلف سہولیات اور خدمات بھی موجود ہیں جن میں عوامی سکوائر، سبزہ زار، کھیلوں کے میدان اور نوجوانوں و خاندانوں کے لیے نشست گاہیں شامل ہیں۔ درختوں اور پھولوں سے مزین راستے تمام عمر کے افراد کے لیے ایک پرکشش ماحول فراہم کرتے ہیں جہاں تفریح، جسمانی سرگرمی اور سکون کا بہترین امتزاج ملتا ہے۔
بیش گورنریٹ کی سمندری شناخت کی عکاسی کرتے ہوئے، کارنش میں مقامی ماہی گیروں کے لیے ایک بندرگاہ بھی شامل ہے جو اس کمیونٹی کے سمندر کے ساتھ دیرینہ تعلق کو نمایاں کرتی ہے۔ ان سہولیات کو بہترین حالت میں رکھنے اور جگہ کو سیاحوں کی آمد کے لیے تیار رکھنے کی خاطر صفائی، دیکھ بھال، سکیورٹی اور حفاظت کی خدمات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
یہ ساحلی مقام شام کے وقت خاص طور پر زیادہ پرکشش ہو جاتا ہے جب سیاح غروبِ آفتاب اور سمندر کے وسیع مناظر سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ سمندر، ریت اور آسمان کا یہ ملاپ فوٹوگرافی کے شوقین افراد اور قدرت کے دلدادہ لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے اور دن بھر تفریح کے مختلف تجربات پیش کرتا ہے۔

اپنی قدرتی اور تفریحی کشش سے ہٹ کر، یہ کارنیش بیش گورنریٹ کی جاری ترقی کے عین مطابق سرمایہ کاری کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔
اپریل 2026 میں سامنے لائے گئے منصوبوں میں ’بیش سینڈ ڈیوئنز ریزوٹ‘ شامل ہے، جس میں کارنش کے براہِ راست نظارے والے 30 ہوٹل یونٹس شامل ہیں۔ یہ ریزوٹ گورنریٹ میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کے ایک وسیع تر پورٹ فولیو کا حصہ ہے جس کی کل تخمینہ قدر تقریباً 500 ملین سعودی ریال ہے۔
اس کے علاوہ، ایک ساحلی سیاحتی ریزوٹ کو تیار کرنے، چلانے اور اس کی دیکھ بھال کے لیے بولیوں کی دعوت دی گئی ہے جس کی تعمیراتی لاگت 50 ملین سعودی ریال سے زیادہ ہے۔ یہ منصوبہ سیاحت اور تفریحی سہولیات کو وسعت دینے، گورنریٹ کے ساحلی موقع سے فائدہ اٹھانے، معیاری سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے اور اس کی سیاحتی خدمات میں تنوع لانے کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ منصوبے بیش کے قدرتی وسائل کو خدمات، سہولیات اور تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ جوڑ کر ان کی معاشی قدر کو بڑھانے کی کوششوں کو نمایاں کرتے ہیں۔ سیاحت اور تفریح کے اختیارات کو وسعت دینے سے مزید سیاحوں اور سرمایہ کاروں کے متوجہ ہونے کی توقع ہے جبکہ مقامی ترقی میں اس شعبے کے کردار کو بھی استحکام ملے گا۔
اپنے ساحل، ریت کے ٹیلوں اور کھلی تفریحی سہولیات کے ساتھ، بیش کاربش قدرتی جاذبیت، شہری ترقی اور سیاحتی سرمایہ کاری کو ایک جگہ اکٹھا کرتا ہے۔ یہ جگہ رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے ایک تفریحی مرکز کے طور پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ گورنریٹ میں معیارِ زندگی اور سیاحتی ترقی کی حمایت بھی کر رہی ہے۔
