مدینے کی دلکش’وادی قناۃ‘ کی تاریخی اہمیت کیا ہے؟
یہ وادی تاریخی اہمیت کی حامل ہے، ہجرت نبوی سے بھی تعلق ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ کے مضافات میں واقع تاریخی وادی قناۃ اپنے قدرتی ماحول، پیدل چلنے کے راستوں اور دلکش نظاروں کے باعث مقامی شہریوں اور سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن رہی ہے۔
وادی قناۃ، احد اور الرماہ پہاڑ کے جنوب میں واقع ہے۔ شمال مغرب میں الاسیال کے علاقے تک پھیلی ہوئی ہے جہاں مدینہ منورہ کی بڑی وادیاں بطحان، العقیق اور مہزور آپس میں ملتی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق یہ وادی تاریخی اہمیت کی حامل ہے خاص کر غزوہ احد سے اس کا گہرا تعلق ہے۔
تاریخ کے مطابق یمن کے بادشاہ تبع نے بھی بعثت نبوی سے تقریباً 130 برس قبل مدینہ منورہ کے مضافات میں واقع وادی قناۃ کا دورہ کیا تھا۔
تاریخی اہمیت کے ساتھ وادی قناۃ متنوع جنگلی حیات کا بھی مسکن ہے۔ مقامی اور نقل مکانی کرنے والے پرندوں کی مختلف اقسام موجود ہیں۔

یہاں کے درخت، نباتات، پانی کے ذرائع پرندوں کی بقا اور افزائش کے لیے موزوں قدرتی ماحول فراہم کرتے ہیں جس سے حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی توازن کو تقویت ملتی ہے۔
مدینہ منورہ کے علاقے میں عام طور پر پائے جانے والے پرندوں کی 26 کے قریب اقسام ریکارڈ کی گئی ہیں۔

ریجنل میونسپلٹی کی جانب سے وادی کے بعض حصوں کی بحالی اور تزئین کے منصوبوں پر عمل کیا گیا۔ یہاں کشادہ واک ویز، تفریح کے لیے آنے والوں کی سہولت کے لیے بیٹھنے کا انتظامات، فٹ پاتھوں پر سنگ مرمر کی تنصیب، شجرکاری اور رات کے وقت روشنیوں کا انتظام شامل ہیں۔
اس اقدام کا مقصد قدرتی وسائل کا تحفظ، ماحولیاتی پائیداری، معیار زندگی کو بہتر اور مدینے کے شہری منظر نامے کو مزید دلکش بنانا ہے۔
