Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کا اسلام آباد سے بیجنگ براہِ راست پروازیں بحال کرنے کا اعلان

قومی ایئرلائن کی یہ سروس آئندہ ماہ کی 3 تاریخ سے دوبارہ شروع کی جائے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق قومی ایئرلائن کی یہ سروس آئندہ ماہ کی 3 تاریخ سے دوبارہ شروع کی جائے گی۔
پی آئی اے کے مطابق یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان سفر کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، تاکہ مسافروں کو زیادہ سہولت اور بہتر سفری مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ براہِ راست پروازوں کی بحالی سے طلبہ، کاروباری شخصیات، سیاحوں اور خاندانی روابط رکھنے والے افراد کو پاکستان اور چین کے درمیان آسان، تیز اور مؤثر سفری سہولت میسر آئے گی۔
پی آئی اے کے حکام کے مطابق اسلام آباد، بیجنگ روٹ کی بحالی دونوں دوست ممالک کے درمیان عوامی، تعلیمی اور تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں قریبی تعاون موجود ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری اور تعلیمی سرگرمیوں میں اضافے کے باعث فضائی سفر کی طلب بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ براہِ راست پروازوں کی بحالی کو اسی تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر: