اسلام آباد.... وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہاپنا 34 سالہ ٹیکس ریکارڈ عدالت میں جمع کرا دیا ۔ ہفتہ کو ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس ٹیکس ریکارڈ میں ایک بھی کاغذ نیا شامل نہیں ۔ ریکارڈ پہلے ہی الیکشن کمیشن، نیب اورایف بی آرکے پاس موجود ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے سامنے اپنے تمام اثاثے ظاہر کئے ہوئے ہیں۔ ایک ایماندار شخص کے طور پر ملک و قوم کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں پیش کردہ کاغذات پہلے ہی الیکشن کمیشن میں موجود ہیں۔ ٹیکس دستاویزات کی تحقیقات پرویز مشرف اور پیپلز پارٹی کے ادوار میں بھی کی جا چکی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہاکہ حدیبیہ پیپرز ملز کے معاملے کو دوبارہ نہیں کھولا جا سکتا۔