Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ : رواں ہفتے کی تینوں فلمیں فلاپ

شائستہ جلیل۔ کراچی
 
رواں ہفتہ بالی وڈ باکس آفس پر 3 بڑی فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں فلمساز و اداکار فرحان اختر کی فلم” لکھنو سینٹرل“ ،اداکارہ کنگنا رناوٹ کی فلم” سمرن“ اور رشی کپور کی فلم” پٹیل کی پنجابی شادی“ شامل تھیں۔تینوں فلمیں جمعہ کے روز ریلیز ہوئیں مگر بدقسمتی سے تینوں فلمیں سینما بینوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں ناکام رہیں۔اب تک کوئی فلم اچھابزنس نہیں کرپائی۔
 
 باکس آفس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بالی وڈ فلموں کیلئے یہ ہفتہ بہتر بزنس نہ دے سکا۔ اس ہفتے کی بڑی فلم” سمرن “ زیادہ پیسے نہ کماسکی۔ریلیز سے 3 روز تک لگ بھگ ساڑھے 9کروڑ کا ہی بزنس کرپائی ہے۔ سب سے زیادہ خبروں میں رہنے والی اداکارہ کنگنا کی یہ فلم حقیقی کردار پر مشتمل فلم ہے جس میں وہ” سمرن“ نامی ایک چور لڑکی کا کردار نبھارہی ہیں جسے بیرون ملک ایک کیس میں گرفتار کرلیا جاتاہے ۔بیرون ملک ایک ہندوستانی لڑکی کی کہانی میں کنگنا رناوٹ نے بہترین اداکاری پیش کی ہے۔فلم کے گانے بھی ریلیز ہوتے ہی کافی مقبول رہے ہیں مگر بالی وڈ سینما وں پر فلم بینوں کی جانب سے کنگنا کی فلم کو کوئی اچھا رزلٹ نہ مل سکا۔ 
 
دوسری جانب اس ہفتے کی بالی وڈ کی بڑی فلم” لکھنو سینٹرل“ رہی جس کا پہلا دن بھی کچھ اچھا ثابت نہیں ہوا۔ فلم نے 3دنوں میں صرف 7کروڑ 39 لاکھ کا ہی بزنس کیاہے۔فلمساز و اداکار فرحان اختر کی اس فلم سے کافی امیدیں وابستہ ر ہیں۔ اس فلم میں وہ مرادآباد سے تعلق رکھنے والے ایک ایسے لڑکے کا کردار نبھارہے ہیں جو موسیقی سے شغف رکھتا ہے اور اپنا ایک بینڈ بنانا چاہتاہے۔ اس دوران اسے کسی جرم کے شبہ میں گرفتار کرکے جیل بھیج دیاجاتاہے۔ لکھنو سینٹرل جیل میں دوران قید اس لڑکے کا موسیقی سے شوق برقرار رہتاہے اور وہ جیل میں ہی دیگر قیدیوں کے ساتھ ملکر اپنا ایک موسیقی کا بینڈ بنانے کیلئے کوششیں کرتاہے۔ فلم کی کہانی کو لکھنو کے سینٹرل جیل میں فلمایاگیاہے۔
 
تیسری بالی وڈ فلم” پٹیل کی پنجابی شادی“ میںمشہور اداکار رشی کپور اور پریش راول کی بہترین اداکاری سامنے آئی ہے۔ اس فلم میں دو مختلف زبانوں اورخاندانوں کے رسم و رواج کو پیش کیا گیاہے۔ گجراتی اور پنجابی خاندانوں کے ملاپ کی منفرد کہانی کو بھی سینما اسکرین پر کچھ اچھی اوپننگ نہیں ملی ۔تینوں فلمیں اب تک فلاپ ثابت ہوئیں ہیں۔
 
 

شیئر: