Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رینٹ اے کار کمپنیوں میں سعودائزیشن کی تفتیشی کارروائیاں ،جرمانے اور وارننگز

مدینہ منورہ، جدہ، ریاض.....رینٹ اے کار سیکٹر میں تفتیشی کارروائیاں جاری ۔ متعدددکانوں پر جرمانے عائد کئے گئے بعض شہروں میں دکانیں دوسرے روز بھی بند رہی ۔تفصیلات کے مطابق وزارت محنت کی تفتیشی ٹیموں نے مدینہ منورہ میں رینٹ اے کار شعبے میں سعودائزیشن کی خلاف ورزی پر 4 اداروں کو بند کر دیا ۔ عاجل ویب نیوز کے مطابق وزار ت محنت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے گاڑیاں کرائے پر دینے والی کمپنیوں اور اداروں میں 4 پیشے سعودیوں کےلئے مخصوص کئے گئے ہیں جن پر غیرملکیوں کے کام کرنے کی پابندی ہے ۔ اس حوالے سے وزار ت محنت نے رینٹ اے کارکمپنیوں کو 6 ماہ کی مہلت دی تھی جس کے ختم ہونے پر مملکت کے تمام شہروں میں تفتیشی کارروائیوں کا آغاز کر دیاگیا ۔ اس ضمن میں مدینہ منورہ ریجن میں وزارت محنت کی تفتیشی ٹیم کے ریجنل ڈائریکٹر عبداللہ الصاعدی نے کہا کہ تشکیل دی جانے والی تفتیشی ٹیموں میں وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی ، وزارت نقل و حمل اور پولیس اہلکارشامل ہیں جو وزارت کے قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کےلئے تفتیشی کارروائیاں کر رہی ہیں ۔ ٹیموں نے مدینہ منورہ ریجن میں 43 رینٹ ایے کار کے اداروں میں تفتیشی کارروائیاں کی جن میں سے 4 اداروں کو خلاف ورزی پر بند کیا گیا ۔ ریجنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ سعودائزیشن پر عمل درآمد کرانے کے لئے تفتیشی کارروائیاں جاری رہیں گی ۔ ہمارا ہدف ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں سعودیوں کو روزگار مہیا کیا جاسکے ۔ دوسری جانب المدینہ اخبار کے مطابق جدہ میں رینٹ اے کارکے شعبے میں سعودائزیشن کا قانون نافذ ہونے کے ساتھ ہی 50 فیصد دکانیں بند رہیں ۔ وزارت محنت کی تفتیشی ٹیموں نے مارکیٹ کے دورے شروع کر دیئے ہیں ۔ اخبار کا کہنا تھا کہ شہر میں متعدد ٹیمیں تشکیل دی گئیں جن میں سے اکثر نے سعودائزیشن کی خلاف ورزیوں پر محض تنبیہی نوٹس جاری کرنے پر اکتفا کیا ۔ مکہ مکرمہ کی تفتیشی ٹیم کے ڈائریکٹر عبداللہ آل طاوی نے بتایا کہ 150 دکانوں کی تفتیش کی جن میں سے ایک ہی دکان پر خلاف ورزی درج کی گئی ۔ اخبار کا کہنا تھا کہ جن دکانوں میں ابھی تک سعودی کارکنوں کو بھرتی نہیں کیا انہوںنے اپنی دکانیں بند رکھی ۔ آل طاوی کا کہنا تھا کہ تفتیشی ٹیمیں اپنا عمل جاری رکھیں گی ۔ دوسری جانب ریاض سے موصولہ اطلاعات کے مطابق رینٹ اے کار سیکٹر میں سعودائزیشن کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں میں 28 خلاف ورزیاں درج کی گئی ۔

شیئر: