Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

3 روز احتجاج: معیشت کو 170ارب کا نقصان

کراچی:  کراچی سمیت ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج اور دھرنوں کے باعث 3 دن سے کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں۔ نئی ایل سی نہ کھلنے اور ایکسپورٹ کنسائمنٹ بروقت روانہ نہ ہونے سے ملکی معیشت کا ایک اندازے کے مطابق170 ارب روپے تک کا نقصان ہوا۔
ماہرین کا خیال ہے کہ کاروباری سرگرمیاں معطل ہونے سے حکومت کو محصولات کی مد میں 3 روز کے دوران35سے40 ارب روپے یومیہ کا نقصان پہنچ چکا ہے۔ ہڑتال‘ احتجاج اور راستوں کی بندش نے رکشہ‘ ٹیکسی‘ پبلک ٹرانسپورٹ اور پرائیویٹ ٹیکسی سروسز اوبر و کریم کو بھی بھاری خسارے سے دوچار کیا۔
3 روز کاروباری افراد مشکلات کا شکار رہے جبکہ کراچی میں کسٹمز ہائوس میں دو روز سے کسٹمز افسران کی غیر حاضری کے سبب امپورٹر ز کو ایل سی کھولنے میں مسائل کا سامنا رہا اور ایکسپورٹرز بھی ہیوی ٹرانسپورٹ بندرگاہ تک نہ پہنچنے کے باعث اپنا مال بروقت ایکسپورٹ نہ کرسکے۔
ملک بھر میں جاری غیر یقینی صورتحال نے ملک کے سب سے بڑے تجارتی و صنعتی حب کراچی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ بندرگاہوں پر تجارتی سرگرمیاں رکی رہیں بروقت درآمدی مال نہ اٹھانے سے امپورٹرز کو کروڑوں روپے ڈیمرج کی مد میں ادا کرنے ہوں گے۔

شیئر: