Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہنگامی حالت میں طبی مشورے کےلئے نئی سروس کا آغاز

ریاض۔۔۔ وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ حادثات میں ہنگامی حالات میں بہتر خدمات کےلئے" 937-1 ©" کی نئی سہولت کا آغاز کیا ہے ۔ اس سہولت سے ہنگامی حالت کے وقت موجود طبی عملے کو اسپیشلسٹ ڈاکٹروں سے فوری مشورے کی سہولت ہو گی ۔ ڈاکٹر الربیعہ نے سالانہ کانفرنس برائے طبی نگہداشت میں خطاب کر تے ہوئے مزید کہا کہ عام لوگوں میں خاموش بیماریوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کےلئے وزارت صحت نے جامع پروگرام مرتب کیا ہے جس میں لوگوں کو بیماریوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مملکت میں بلند فشار خون ( ہائی بلڈ پریشر ) کے کافی مریض ہیں اکثر کو معلوم ہی نہیں ہوتا کہ وہ بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہیں ۔ عالمی سطح پر ہائی بلڈ پریشر سے ہونے والی اموات کا تناسب کافی زیادہ ہے اس لئے اس بیماری کو معمولی نہ سمجھا جائے فوری تشخیص کر کے علاج شروع کرنا بہتر ہوتا ہے ۔ کسی بھی بیماری کی ابتدائی اسٹیج میں تشخیص سے بیماری پر قابو پانا آسان ہو جاتا ہے جس سے مریض کو بھی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا اس کے برعکس اگر تشخیص میں تاخیر کی جائے اور بلا وجہ وقت گزار اجائے تو وہ مناسب نہیں ہوتا اور بعد میں مشکلات کا سبب بن جاتا ہے اس لئے باقاعدگی سے طبی معائنہ کیا جانا چاہئے ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ طبی اہلکاروں کی جانب سے کئے گئے سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ25 فیصد مریض جن کا اچانک طبی معائنہ کیا گیا وہ بلڈ پریشر کے مریض نکلے جبکہ اس کا انہیں علم ہی نہیں تھا ۔ وزیر صحت نے مزید کہا کہ شہریوں کی بہتر صحت کےلئے وزارت نے جامع منصوبہ بندی کی ہے جس پر آئندہ برس 2019 سے عمل کیاجائے گا ہماری کوشش ہے کہ بہتر صحت خدمات کو عام کیاجائے تاکہ بڑے پیمانے پر اس سے لوگ مستفیض ہو سکیں ۔ وزارت صحت کی کارکردگی کے حوالے سے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ 1990میں میٹرنیٹی کیسوں میں ایک لاکھ میں سے 46خواتین کی موت ہو جاتی تھی جبکہ 2015 میں یہ تعداد 12 ہو ئی اور اب ہم اس میں مزید بہتری لانے کے لئے کوشاں ہیں ۔ اسپتالوں میں ہنگامی شعبے کے بارے میں گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر الربیعہ نے کہا کہ ایمرجنسی یونٹ میں انتظار کا دورانیہ 4 گھنٹے پر مشتمل ہوتا ہے جبکہ اسے اداروں میں جہاں اسپیشل کیئر سروسز مہیا کی گئی ہیں وہاں دورانیہ 10 منٹ سے کم ہو گیا ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ تمام اداروں میں اسے نافذ کیا جاسکے ۔ ڈاکٹر الربیعہ نے مزید کہا کہ بہتر صحت کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے شروع کئے جانے والے منصوبے کو دیگر علاقوں تک توسیع دی جارہی ہے ۔ہماری کوشش ہے کہ2020 تک مملکت کے 70 فیصد علاقوں میں اس منصوبے کو جاری کردیاجائے جس سے مریضوں کو کافی سہولت ہو گی ۔

شیئر: