Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی پولیس کے پکڑے گئے ’دہشت گرد‘ اداکار نکلے

انڈیا میں ممبئی پولیس نے دہشت گردوں کا روپ دھارے دو اداکاروں کے خلاف شہریوں میں خوف پھیلانے کے الزامات میں مقدمہ درج کیا ہے۔
اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق پولیس نے بلرام گنوالہ اور ارباز خان کے خلاف درج کیے مقدمے میں کہا کہ انہوں نے دہشت گردوں جیسا حلیہ بنا کرعام لوگوں کو خوف اور افراتفری کا شکار کیا۔
دونوں افراد ریتک روشن اور ٹائیگر شروف کے نئی آںے والی فلم میں ان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
پولیس کو ایک سابق فوجی بنک گارڈ انیل مہاجن نے اطلاع دی تھی کہ انہوں نے پلگھار کے علاقے میں دو ایسے افراد کو گھومتے پھرتے دیکھا جو حلیے سے دہشت گرد لگتے ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق دونوں افراد سگریٹ خریدنے کے لیے مارکیٹ کی دکانوں میں گھوم پھر رہے تھے اور ان کی کمر کے گرد کارتوس رکھنے والی بیلٹ بھی تھی جس سے کھلبلی مچ گئی۔

اس فلم کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند ہیں

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اس بس کو روکا جس میں بلرام اور ارباز خان سوار تھے تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ دونوں مشتبہ افراد فلم کی شوٹنگ کے لیے روپ دھار کر جا رہے تھے۔
پولیس نے فلم کے یونٹ انچارج کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے اور بنک گارڈ کو اس کی حاضر دماغی پر سراہا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق مذکورہ فلم یش راج بنا رہے ہیں جبکہ اس کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند ہیں۔ اس ایکشن فلم کے نام کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
فلم میں کام کرنے والی اداکارہ وانی کپور نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں یہ ایک زبردست فلم ہوگی۔ ’اس فلم میں ٹام کروز کے مشن امپاسبل اور جیمز بانڈ کے انداز کو اکٹھا کر کے دکھانے کا آئیڈیا ہے۔‘
 
 

شیئر: