Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے میرا دل چرا لیا: چینی سفارت کار

لیجیان ژاؤ پاکستان میں قائم چینی سفارت خانے میں بطور ڈپٹی چیف آف مشن تعینات تھے۔ فوٹو: ٹوئٹر
سابق جرمن سفیرمارٹن کوبلر کے بعد چینی سفارتکار لیجیان ژاؤ بھی پاکستان کے مداح نکلے۔
لیجیان ژاؤ گذشتہ چار سال سے پاکستان میں قائم چینی سفارت خانے میں بطور ڈپٹی چیف آف مشن تعینات تھے۔ اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر انہوں نے پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ پاکستان سے واپس جانے پر افسردہ ہیں۔
ٹوئٹر پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لیجیان ژاؤ نے لکھا کہ وہ پاکستان چھوڑ کر تو جارہے ہیں لیکن ان کا دل بہت بھاری ہے کیونکہ اس ملک نے انکا 'دل چرا لیا ہے‘۔
لیجان نے اپنے الوداعی کلمات کے ساتھ ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہترین وقت گزارا جو ہمیشہ یاد رہے گا، پاکستان چین کا آئرن برادر ہے۔
لیجیان نے مزید بتایا کہ اب ان کی جگہ چینی منسٹر کاؤنسل چانگ شنزؤئی فرائض نبھائیں گے۔
یہی نہیں بلکہ چینی سفارتکار نے پاکستان کے سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کے ساتھ اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی جس کے ساتھ انہوں نے احسن اقبال کو چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کا ہیرو قرار دیا۔
لیجیان ژاؤ سوشل میڈیا پر کافی مقبول تھے، انہوں نے پاک-چین دوستی اور اس کے مںصوبوں پر بے جا تنقید کرنے والوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا تھا جس پر پاکستانیوں نے انہیں خوب سراہا تھا۔
کچھ ماہ قبل لیجیان نےدفاعی تجزیی نگار زید حامد کو اس وقت تنقید کا نشانہ بنایا جب انہوں نے چین کے داخلی معاملات سے متعلق ٹویٹ کی تھی۔ لیجیان نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ملک کے بارے میں کچھ علم نہیں رکھتے اور انہیں کچھ بولنے سے پہلے کچھ پڑھ لینا چاہیئے۔
لیجیان اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے بھی سوشل میڈیا پر آگاہی پھیلاتے تھے اور لوگوں کے تحفظات اور تنقید کا جواب بھی دیتے تھے۔
چینی سفارتکار کے پاکستان سے جانے کی خبر پر پاکستانی صارفین کے دل بھی اداس ہوگئے ہیں۔
مراد شعیب خان نامی پاکستانی صارف نے لکھا کہ گو وہ کبھی لیجیان سے ملے نہیں ہیں مگر ان کے دل میں ہمیشہ ان سے ملنے کی خواہش تھی۔ ’پاکستان آپ سے ہمیشہ جڑا رہے گا۔‘
ایک اور صارف مشرف عباس نے لکھا ’لیجیان اب تک پاکستان میں فائض سفیروں میں سے سب سے بہترین ثابت ہوئے ہیں، پاکستان اور چین کے عوام کو قریب لانے میں ان کی محنت قابلِ ستائش ہے۔‘
عتیق احمد خان نامی صارف نے لکھا ’ہم آپ کو اور دونوں ممالک کے لیے آپ کی خدمات کو یاد کریں گے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئے۔‘
واضح رہے کہ لیجیان پہلے سفیر نہیں جن کے جانے پر پاکستانی غمگین ہیں بلکہ سابق جرمن سفیر مارٹن کوبلر کے پاکستان سے جانے پر لوگوں کے ایسے ہی جذبات تھے۔ مارٹن نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کا مثبت تاثر دنیا کے سامنے پیش کرنے میں اپنا کردار ادا کیا تھا۔ 

شیئر: