بلوچستان: موسیٰ خیل میں زلزلہ، 20 افراد زخمی، 90 سے زائد مکانات کو نقصان
ہفتہ 27 جون 2026 5:41
زین الدین احمد، اردو نیوز، کوئٹہ
بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں جمعے کو آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 20 افراد زخمی جبکہ 90 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق جمعہ کو ضلع موسیٰ خیل میں دو مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پہلا جھٹکا صبح 10 بج کر 58 منٹ پر جبکہ دوسرا شام 4 بج کر 49 منٹ پر آیا۔ دونوں زلزلوں کی شدت بالترتیب 5.0 اور 5.1 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو اور گرد و نواح کے علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہلو سے شمال مشرق میں تقریباً 60 کلومیٹر دور کنگری اور راڑہ شم سے ملحقہ علاقہ تھا۔
ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرازق خجک نے اردو نیوز کو بتایا کہ زلزلے سے بارکھان اور کوہلو کے اضلاع سے ملحقہ موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری کے دور افتادہ علاقے چھاپ میں نقصان ہوا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق 90 سے زائد کچے اور مٹی سے بنے مکانات متاثر ہوئے جبکہ مکانات اور دیواریں گرنے سے 20 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں روانہ کر دی گئی ہیں جبکہ نقصانات کا تفصیلی سروے کرکے متاثرہ خاندانوں کو امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
دوسری جانب ضلع واشک کے علاقے ماشکیل اور اس کے گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور تیز آندھی سے متعدد درخت جڑ سے اکھڑ گئے ۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بجلی کے 55 کھمبے گرنے سے ایران سے آنے والی بجلی کی ترسیلی لائن متاثر ہوئی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ نقصانات کا تخمینہ لگانے اور بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے۔
اگلی صبح پھر زلزلے کے جھٹکے
متاثرہ علاقے میں آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سنیچر کی صبح پانچ بج کر 4.3 شدت کا زلزلہ آیا۔
سنیچر کی صبح 8 بجے کے قریب ایک بار پھر اس علاقے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ اس کے علاوہ کنگری، موسیٰ خیل، کوہلو، بارکھان اور رکھنی میں بھی اس کی شدت محسوس کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سنیچر کی صبح 8بج کر 6 منٹ پر آنے والے زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی۔
