Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے حرمین شریفین کے تقدس اور سلامتی کو خطرے کی صورت میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے سعودی تیل تنصبات پر حملے کی مذمت کی ہے۔
جمعرات کی رات جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے عمران خان نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے۔

 دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا (فوٹو: ایس پی اے)

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی ذوالفقار بخاری،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اورسعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز بھی موجود تھے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہوں نے دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت کی ہے۔
باہمی دلچسپی کے امور، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔

ملاقات میں وزیراعظم نے سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کی مذمت کی (فوٹو: ایس پی اے)

عمران خان نے شاہ سلمان کو کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا ہے۔ شاہ سلمان نے مسئلہ کشمیر پر دیرینہ حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ 
 قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر جدہ پہنچنے کے فوری بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی اور دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کی۔

عمران خان نے سعودی قیادت کو کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا (فوٹو: ایس پی اے)

پاکستان کے دفتر خارجہ کے بیان مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کو کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ 
ملاقات میں وزیراعظم نے سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کی مذمت کی۔
 واضح رہے کہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے عمران خان پہلے ہی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
 آرامکو تیل تنصیبات پر حملے کے بعد بھی وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا جبکہ اس سے پہلے بھی مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے دونوں رہنماوں کی گفتگو ہوئی تھی جس میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ سعودی عرب کے امن اور عالمی معیشت کو نشانہ بنانے کی ہر کوشش کا مقابلہ کیا جائے گا۔

شیئر: