Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دبنگ‘ خان کو ’قتل کی دھمکی‘ کس نے دی؟

پرینکا چوپڑہ کی امریکی گلوکار نک جوناس سے گذشتہ سال شادی ہوئی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
بالی وڈ اداکارہ اور سابق مس ورلڈ پرینکا چوپڑہ اپنی آنے والی فلم ’دی سکائی از پنک‘ کے پروموشن کے لیے ان دنوں انڈیا کے دورے پر ہیں۔
فلم کے پروموشن کے علاوہ لوگوں کو ان کی ذاتی زندگی میں زیادہ دلچسپی نظر آتی ہے اور وہ بھی سوشل میڈیا پر اس کا برملا اظہار کرتی رہتی ہیں۔
’ممبئی مرر‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں بالی وڈ بیوٹی پرینکا چوپڑہ نے کہا کہ ان کے شوہر ان کی والد کی بہت سی یادیں تازہ کرتے ہیں۔ ان کی شادی کو تقریباً ایک سال ہونے والے ہیں۔

پرینکا چوپڑہ ان دنوں انڈیا میں اپنی آنے والی فلم ’دی سکائی از پنک‘ کے پروموشن میں مصروف ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

اداکار اور گلوکار نک جوناس سے گذشتہ سال دسمبر میں ان کی شادی ہوئی تھی۔ پرینکا چوپڑہ نے کہا کہ ان کی ازدواجی زندگی زیادہ تر ’ایک دوسرے کے احترام اور تعریف‘ پر مبنی ہے۔
انھوں نے اپنے شوہر کے بارے میں بات  کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج تک جتنے لوگوں سے ملی ہیں ان میں وہ سب سے زیادہ ’با مروت اور پراخلاص‘ ہیں۔
پرینکا نے اپنی عمر سے دس سال چھوٹے شخص سے شادی کی اور کہا کہ ’وہ جو بھی کریں ہر چیز میں پہلے میرا خیال رکھتے ہیں۔ ہر صبح جب آپ جاگتے ہیں تو آپ یہ جان کر خوش ہوتے ہیں کہ گھر میں کوئی ایسا ہے جو آپ سے پہلے آپ کا خیال رکھتا ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ نک جوناس میں بہت سی چیزیں پرینکا کے والد جیسی ہیں اور انھوں نے کہا کہ وہ جتنا نک کو جانتی ہیں انھیں یہ محسوس ہوتا ہے کہ وہ ان کے والد کی پرچھائی ہیں۔

ایشوریہ رائے کا ڈبل رول

دوسری جانب بالی وڈ کی ایک اور ادکارہ اور سابق حسینہ عالم ایشوریہ رائے کے بارے میں خبر گرم ہے کہ وہ ایک تاریخی فلم میں نظر آئیں گی اور وہ بھی ڈبل رول میں۔
آئی بی ٹائمز کے مطابق جنوبی ہند کی بڑے بجٹ کی فلم ’پونین سل ون‘ میں ایشوریہ رائے کو دیکھا جائے گا۔ اس میں جنوبی ہند کے دوسرے بڑے اداکار کی شمولیت کی بھی بات کہی جا رہی ہے۔
معروف ہدایت کار منی رتنم اس فلم کو مختلف زبانوں میں بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں سب سے پہلے سنہ 2012 میں انھوں نے اس پر کام شروع کیا تھا لیکن کسی سبب اسے روک دیا گيا۔ اب ایک بار پھر یہ خبر گرم ہے کہ وہ اسے لے کر آ رہے ہیں۔
در اصل یہ فلم جنوبی ہند کی قدیم چولا سلطنت کے عظیم حکمراں پر مبنی ہے جس میں ایشوریہ رائے نندنی کا کردار ادا کریں گی اور نندنی کی والدہ منداکنی دیوی کا بھی کردار ادا کریں گی جو قوت گویائی سے محروم تھیں۔

ایشوریہ رائے کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ جلد ایک تاریخی فلم میں ڈبل رول میں نظر آئیں گی۔ فوٹو اے ایف پی

یہ فلم کالکی کرشنامورتی کے اسی نام کے ناول ’پونین سل ون‘ پر مبنی ہے جو کہ چولا راجہ راجراجا اول پر مبنی ہے۔ اس پر پہلے بھی جنوبی ہند میں فلم بن چکی ہے جس میں ایم جی رام چندرن نے ادکاری کا جوہر دکھایا تھا۔ اس ناول پر اینیمیشن فلم بھی بن چکی ہے۔

بالی وڈ کے دبنگ یعنی سلمان خان کو قتل کی دھمکی

بالی وڈ کے سلطان کہلانے والے اداکار سلمان خان کو سوشل میڈیا پر موت کی دھمکی دی گئی ہے اور یوں لگتا ہے کہ 21 سال قبل کالے ہرن کے شکار کا معاملہ ابھی تک ان کے پیچھے لگا ہوا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق پنجاب یونیورسٹی سٹوڈنٹ یونین کے نام کے فیس بک سے سلمان خان کو دھمکی دی گئی ہے۔
ان کی تصویر کو لال نشان سے کاٹا گیا ہے اور اس کے ساتھ لکھا ہے کہ ’سلمان تم سوچتے ہوگے کے تم انڈین قانون سے بالاتر ہو لیکن بشنوئی برادری اور سوپو پارٹی نے تمہیں سزائے موت دی ہے۔ تم سوپو کورٹ کے مجرم ہو۔‘

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق پنجاب یونیورسٹی سٹوڈنٹ یونین کے نام کے فیس بک سے سلمان خان کو دھمکی دی گئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

سوپو کا مطلب سٹوڈنٹ یونین آف پنجاب یونیورسٹی ہے جبکہ بشنوئی برادری راجستھان کے ہندو قبائل ہیں جو کہ کالے ہرن کی پوجا کرتے ہیں۔
دوسری جانب سلمان خان کو 27 ستمبر کو راجستھان کے شہر جودھپور کی عدالت میں کالے ہرن کے شکار کے معاملے میں حاضر ہونے کے لیے کہا گیا ہے اور اگر وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوتے تو ان کی ضمانت کو منسوخ کر دیا جائے گا۔
اس سے قبل بھی اس معاملے میں سلمان خان عدالت میں حاضر ہو چکے اور ان پر پہلے بھی جان سے مارنے کی دھمکی دی جا چکی ہے۔ گذشتہ سال ایک گینگسٹر کی دھمکی پر سلمان خان کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا تھا۔
شوبز کی خبروں کے لیے ’’اردو نیوز شوبز‘‘ جوائن کریں

شیئر: