Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کردار اینجلینا جولی کا اور آواز ایشوریا رائے کی

’میلیفسنٹ مسٹرس آف ایول‘ ہندی اور انگلش میں ایک ساتھ 18 اکتوبر 2019 کو ریلیز ہو گی۔
انگریزی زبان میں بننے والی ڈزنی فلم ’میلیفسنٹ مسٹرس آف ایول‘ اب ہندی میں بھی ڈب کی جا رہی ہے جس میں مرکزی کردار کی آواز ایشوریا رائے کی ہے۔
اس فلم میں ’میلیفسنٹ‘ کا مرکزی کردار نامور بالی وڈ اداکارہ اینجلینا جولی نے ادا کیا ہے۔
’میلیفسنٹ مسٹرس آف ایول‘ دونوں زبانوں میں ایک ساتھ 18 اکتوبر 2019 کو ریلیز ہو گی۔
ڈزنی انڈیا کے ہیڈ آف سٹوڈیو انٹرٹینمنٹ، بکرم دگل نے انڈو ایشین نیوز سروس کو بتایا کہ جیسے اینجلینا جولی میلیفسنٹ کے کردار پر پورا اتری ہیں تو ایشوریا رائے بچن کے علاوہ اس کردار کے لیے کسی اور کا سوچنا بھی مشکل تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایشوریا رائے کی آواز کے ذریعے ہندی شائقین اور میلیفسنٹ کے کردار کے درمیان مضبوط رابطہ قائم کرنا چاہتے تھے اور اس کے لیے ایشوریا کی شخصیت سے زیادہ بہتر کوئی نہیں تھا۔
فلمی ناقد ترن ادارش نے بھی اپنی ٹویٹ میں ایشوریا رائے کی ڈزنی ورلڈ میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ڈزنی فلم دراصل بچوں کی کہانی ’سلیپنگ بیوٹی‘ پر بنائی گئی ہے جس کا پہلا حصہ 2014 میں ریلیز ہوا تھا۔ تب ہی اینجلنا جولی نے اس کا سیکول بنانے کا عندیہ دے دیا تھا۔
دونوں فلموں میں اینجلینا جولی نے منفی کردار ادا کیا ہے۔
پہلی فلم میں ’میلیفیسنٹ کا کردار ادا کرنے والی اینجلینا جولی، شہزادی آرورا پر ایسا جادو کرتی ہیں کہ وہ اپنی 16ویں سالگرہ سے پہلے گہری نیند سے نہیں اٹھ پاتیں بشرطکہ کوئی شہزادہ بوسہ نہ دے۔
فلم کے سیکول میں بھی اینجلنا جولی، شہزادی آرورا اور شہزادہ فلپ کی محبت میں رکاوٹ بنی رہتی ہیں۔
سیکول میں دو نئے کردار ملکہ انگرتھ اور بادشاہ جان متعارف کرائے گئے ہیں۔
’میلیفسنٹ مسٹرس آف ایول‘ کا پریمیر گذشتہ روز امریکی ریاست کیلیفورنیا میں منعقد ہوا تھا جس میں اینجلینا جولی نے اپنے پانچوں بچوں سمیت شرکت کی۔
 
ایشوریا رائے آخری بار 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’فنے خان‘ میں بطور ہیروئن آئی تھیں اور انہوں نے مبینہ طور پر دو فلمیں بھی سائن کی ہیں، لیکن فی الحال ہالی وڈ کی میلفیسنٹ مسٹرس آف ایول ہی ان کا تصدیق شدہ پراجیکٹ ہے۔

شیئر: