Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی فوج کے تین میجرز کو سزا

آئی ایس پی آر کے مطابق تینوں افسران دوران ڈیوٹی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تھے۔ فوٹوپکسابے
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تین میجرز کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا دی گئی ہے۔ 
جمعے کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کر دہ مختصر پیغام کے مطابق تینوں افسران دوران ڈیوٹی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تھے۔ ان تینوں افسران کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ ان میں سے دو افسران کو دو، دو سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ 
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر رینک کے تینوں افسران اختیارات کے غلط استعمال اور غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ 
خیال رہے 30 مئی 2019 کو بھی پاکستانی فوج کے سربراہ قمر جاوید باجوہ نے جاسوسی کرنے والے دو فوجی افسران اور ایک سویلین افسر کی سزاؤں کی توثیق کی تھی۔
اس حوالے سے پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کہا گیا تھا کہ افسران کے خلاف کارروائی بیرونی ایجنسیوں کے لیے جاسوسی کرنے پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کی گئی۔ بریگییڈئیر (ر) راجہ رضوان اور سویلین افسر ڈاکٹر وسیم اکرم کی موت کی سزاؤں کی توثیق کی گئی تھی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اقبال کو 14 سال قید بامشقت ہوئی۔
آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا تھا کہ گذشتہ دو سال میں مختلف رینکز کے 400 افسران کو سزائیں دی گئیں۔ 
اسی طرح فروری میں آئی ایس پی آر کے سربراہ  میجر جنرل آصف غفور نے ایک پریس کانفرنس میں فوج کے دو افسران کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرنے کی تصدیق کی تھی۔
یکم جون کو ان افسران کو جیل حکام کے حوالے کر دیا گیا جس کی اطلاع ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے ٹویٹ کے ذریعے دی گئی۔ ان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ سزا یافتہ افسران کو ان کی سرگرمیوں کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات ملتے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ٹرائل کے دوران تینوں افسران فوج کی حراست میں رہے۔
 آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی بیرونی ایجنسیوں کے لیے جاسوسی کرنے پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کی گئی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بریگییڈئیر (ر) راجہ رضوان اور سویلین افسر ڈاکٹر وسیم اکرم کی موت کی سزاوں میں توثیق کی گئی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اقبال کو 14 سال قید بامشقت ہوئی۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: