Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سعودی کابینہ سے 12 فیصلوں کی منظوری

شاہ سلمان نےعمران خان سے ملاقات کے نتائج سےکابینہ کو آگاہ کیا۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اپنی ملاقات اور مذاکرات کے نتائج سے سعودی کابینہ کو آگاہ کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے بتایا ’ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی،برادرانہ تعلقات ، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے طریقے اور علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ کے لیے کی جانے والی عالمی مساعی پر تبادلہ خیال کیا گیا‘۔

فلسطینی سعودی بزنس کونسل کے قیام کے فیصلے کو سراہا گیا۔ 

سعودی کابینہ نے منگل کو ریاض کے قصر یمامہ میں شاہ سلمان کی زیر صدارت اجلاس کے دوران فلسطینی صدر کے ساتھ سعودی قیادت کی ملاقاتوں، مذاکرات، مشترکہ اقتصادی کمیٹی اور فلسطینی سعودی بزنس کونسل کے قیام کے فیصلے کو سراہا۔ 
 سعودی وزیر اطلاعات ترکی بن عبداللہ الشبانہ نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ نے 18 ممالک کے چیفس آف اسٹاف کی امن و دفاع کانفرنس کے اعلامیہ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
 کانفرنس پیر کو ریاض میں ہوئی تھی جس میں جی سی سی ممالک،مصر، اردن اور امریکہ کے علاوہ پاکستان بھی شریک تھا۔
کانفرنس کے شرکاءنے سعودی عرب کو کسی بھی خارجی حملے کے خلاف مشترکہ تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کے اقتصادی و توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ ، بین الاقوامی معیشت اور عالمی برادری کے لیے کھلا چیلنج ہوگا۔

وزیر مواصلات کو انڈیا اور برازیل کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کےاختیارات تفویض

سعودی کابینہ نے 12فیصلوں کی منظوری بھی دی۔ وزیر ثقافت کو برازیل کے ساتھ ثقافت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، وزیر تجارت و سرمایہ کاری کو برازیل کے ساتھ کاپی رائٹ کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت کے اختیار تفویض کئے۔ 
جاپان کے سومیتو نو متسووی بینکنگ گروپ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزارت خزانہ کے حوالے کیا۔ وزیر مواصلات کو انڈیا اور برازیل کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشتوں کے اختیارات دیے گئے۔
کابینہ نے سعودی ایف ڈی اے کے سربراہ کو انڈیا کے ساتھ دواﺅں کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت کا اختیار بھی دیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: