Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا استعمال شُدہ فون خریدنا ٹھیک ہے؟

موبائل خریدنے سے پہلے اس سے ویڈیو اور تصویر بنا کر ضرور چیک کریں۔ فوٹو: پکسابے
تمام فلیگ شِپ موبائلز کی قیمتیں آپ کی بچت کا تِیا پانچا کرنے کے لیے کافی ہیں۔ تو ایک من چاہا فون خریدنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ انتظار کریں اور فون کی قیمتوں کے کم ہوتے ہی استعمال شدہ فون کا انتخاب کریں۔ گو کہ استعمال شُدہ کا لفظ کُچھ اچھا نہیں لگتا مگر ذرا سا سمجھوتہ کرکے بڑی سی بچت کُچھ بُرا سودا نہیں ہے۔
سب سے پہلے تو آپ بیٹھیں اور فیصلہ کریں کہ آپ آخر چاہتے کیا ہیں؟ مطلب کیا سکرین سائز آپ کی ضرورت پُوری کرنے کے لیے کافی ہے؟ اِسی طرح میموری، سپیڈ، کیمرا اور برانڈ اِن سب سے متعلق اپنی ترجیحا ت کو دیکھتے ہوئے کسی ایک سیٹ کا انتخاب کریں۔
ایک مرحلہ طے کرنے کے بعد اگلا مرحلہ یہ طے کرنا ہے کہ آپ کو کسی استعمال شُدہ فون کے لیے کتنی ادائیگی کرنی ہے۔ اِس کے لیے آپ کو مارکیٹ میں مُختلف جگہوں سے چھان بین کرنا ہو گی۔ مُختلف جگہوں پر قیمتوں کا موازنہ کرنا ہو گا۔
 تاہم اِس بات کو مدِ نظر رکھیں کہ موبائل کی حالت اُس کی قیمت  طے کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ مطلب ایک خراشوں سے بھرپور سیٹ کی قیمت کا موازنہ اُسی ماڈل کے بالکل نئی حالت میں سیٹ  سے نہیں کیا جا سکتا۔
 اِسی طرح نیٹ ورک لاکڈ  فونز (مطلب جن میں آپ بس وہ نیٹ ورک کی سِم استعمال کر سکتے ہیں جِس کے لیے وہ لاکڈ ہیں) آپ کم سے کم لیول کا انتخاب کریں جو آپ کے لیے قابِل قُبول ہو اور اُس پر پورا اُترنے والے فون اوپر ڈسکس کیے ہوئے سب عناصر کو مدِ نظر رکھتے ہُوئے قیمت کا تعیُن کر لیں، ظاہر ہےکُچھ معمولی چیزوں پر سمجھوتہ کر کے آپ کو آپ کی مطلوبہ اچھی قیمت میں موبائل فون مِل سکتا ہے۔
اِس کے بعد سب سے پہلے آپ موبائل فون کا آئی ایم ای آئی نمبر مطلب ( موبائل کا شناختی نمبر) اُس کی پیکنگ والے ڈبے سے معلوم کریں، اِس کے بعد ڈائلر سے ’*#06#‘ ڈائل کریں اور اِس کو ڈبے پر لِکھے نمبر سے میچ کریں۔
 اگر ایسا نہیں ہے تو اِس سیٹ کو چھوڑ دیں۔ اب فون سے ’ 8484‘ پر اِس فون کا آئی ایم ای آئی نمبر میسج کریں۔ پی ٹی اے سے اِس فون کا سٹیٹس معلوم ہو جائے گا، اگر فون چوری رپورٹ کرایا گیا تو میسج اس طرح ہو گا۔

استعمال شدہ موبائل فون خریدنے سے پہلے اس کے تمام بٹنز چیک کر لیں۔ فوٹو: فلکر ڈاٹ کام

آپ کی موبائل ڈیوائس (آئی ایم ای آئی نمبر) بلاکڈ ہے ( پی ٹی اے کو چوری/ گُم شدہ / غلط استعمال کے لیے رپورٹ کیا گیا ہے)۔ تب بھی یقینًا آپ بات کو یہیں ختم کرنا چاہیں گے۔
 اِسی طرح کسی بھی فون کا پی ٹی اے کے ساتھ رجسٹرڈ ہونا یا کمپلائینٹ ہونا بھی ’8484 ‘ پر آئی ایم ای آئی نمبر بھیجنے سے کنفرم ہو جائے گا۔ یہی سہولت پی ٹی اے کی ویب سائٹ اور ایپ کی صورت میں بھی مُیسر ہے۔
اب آتی ہے موبائل کو چیک کرنے کی باری، مگر اِس کے لیے آپ کو چند چیزیں اپنے ساتھ لے جانا ہوں گی۔
ان میں بیٹری پیک/ لیپ ٹاپ، چارجنگ کیبل، ہیڈ فونز، ایک سِم کارڈ، کوئی بلُو ٹُوتھ ڈیوائس اور کوئی ایسا دوست جِس کے پاس اِس ہی ماڈل کا فون ہو۔
سیم سنگ میں تو یہ انکوائری اور بھی آسان ہے، اینڈرائیڈ میں آپ ڈائل کریں ’ *#0*# ‘ اور آپ کے سامنے ایک سکرین پر بہت سے فیچرز کے نام لکھے آئیں گے، کسی ایک پر کلِک کر کے آپ اُس ایک فیچر کو چیک کر پائیں گے۔

کسی ایک ایپ کے آئیکن پر انگلی رکھ کر پوری سکرین پر گھمائیے اور ٹچ چیک کیجیے۔ فوٹو: پکسا بے

باقی فونز میں آپ یہ سب علیحدہ علیحدہ خود سے چیک کر سکتے ہیں۔
سکرین چیک کرنے کے لیے آپ کسی ایسی سکرین پر جائیں جو بالکل سُفید ہو جیسے سیٹنگز۔ کیا یہ واقعی بالکل سفید ہے، اگر نہیں تو سکرین کا رنگ بدل چُکا ہے تو یہ فون کوئی اچھا انتخاب نہیں، سو اِسے یہیں چھوڑ کر آگے بڑھ جائیے۔
اِس کے علاوہ یہ جانچنے کے لیے کہ سکرین کا ہر حصہ ٹچ کو ٹھیک رِسپانس دیتا ہے کسی ایک ایپ  کے آئیکَن پر اُنگلی رکھیے اور اُس کو پوری سکرین پر گُھمائیے،آئیکن کو تب تک ڈراپ نہیں ہونا چاہیے جب تک آپ سکرین سے اُنگلی نہ اُٹھا لیں۔ اگر آپ کے اُنگلی اُٹھائے بغیر ایسا ہو جاتا ہے تو اِس پوائنٹ پر ڈیڈ سپاٹ ہے، مطلب اِدھر ٹچ ٹھیک کام نہیں کرتا۔
اِس کے بعد فون کے سب بٹنز چیک کیے جانے چاہئیں۔ اگر کوئی بٹن ضرورت سے زیادہ ہل رہا ہے تو مطلب وہ تبدیل کیا گیا ہے۔ سو اگر وہ بٹن ہوم بٹن ہے تو عین مُمکن ہے کہ فون کا فِنگر پرنٹ سنسر ٹھیک کام نہ کرتا ہو۔

اپنی مرضی کا موبل خریدنے کے لیے اس کی قیمت کم ہونے کا انتظار کریں۔ فوٹو: اے ایف پی

 اِس کے علاوہ سپیکر اور مائیکرو فونز کو چیک کریں جِس کے لیے کوئی ریکارڈنگ کرکے دونوں سپیکرز سے آواز چیک کرنی چاہیے۔ سب پورٹس کو چیک کرنا چاہیے، ہیڈ فونز لگا کر آواز چیک کریں، آواز کو دونوں طرف سے آنا چاہیے، چارجنگ پورٹ میں چارجنگ کیبل لگائیں تو فون کو اِس سے چارجنگ شُروع کر دینی چاہیے۔
اس کے علاوہ کیمرے سے تصویر اور ویڈیو دونوں بنا کر چیک کریں اور ایسا سب کیمروں کے لیے کریں، اِن کا معیار  وُہی ہونا چاہیے جو اِس فون میں عام طور پر ہوتا ہے۔ اِس سلسلے میں کام آئے گا آپ کا دوست۔
اِس کے بعد آپ فون کی کنیکٹویٹی چیک کریں، سِم ڈالیں اور کال اور میسج کر کے چیک کریں۔ وائی فائی آن کر کے چیک کریں، اگر ’چُوز آ نیٹ ورک‘ میں  بہت سی آپشنز ہیں تو فون کا وائی فائی اینٹینا اچھا ہے۔ اگر کوئی بھی آپشن دستیاب نہیں تو کوئی مسئلہ ہو سکتا ہے۔ اب فون کا بلُو ٹُوتھ آن کرکے بلُو ٹُوتھ ڈیوائس سے کنیکٹ اور چیک کر یں۔
کوشش کریں کہ فون وارنٹی میں ہو اور کم رِسک والی جگہ سے خریدیں مگر ہاں وہاں آپ کو قیمت پر سمجھوتہ کرنا پڑ سکتا ہے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: