Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان پر فالو آن کے سائے منڈلانے لگے

ڈیوڈ وارنر نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی سینچری سکور کی تھی، فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 96 رنز بنائے اور اسے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے مزید 493 رنز درکار ہیں۔
پاکستان کو ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں فالو آن سے بچنے کے لیے مزید 293 رنز درکار ہیں اور اس کی صرف چار وکٹیں باقی ہیں۔
بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں سب سے زیادہ 42 رنز بنائے اور ابھی کریز پر موجود ہیں، ان کی اننگز میں چھ چوکے شامل تھے۔ 
ہفتے کو پاکستان کی اننگز کا آغاز ہوا تو اوپنر امام الحق صرف دو، کپتان اظہر علی نو، شان مسعود 19 اور اسد شفیق نو رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔
ان کے بعد لوئر مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد اور وکٹ کیپر بلے باز رضوان احمد صفر پر مچل سٹارک کی باہر جاتی ہوئی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ افتخار احمد بھی مچل سٹارک کی گیند پر 10 رنز بنا کر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

فاسٹ بولر مچل سٹارک نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بولر مچل سٹارک نے چار جبکہ پیٹ کمنز اور جوش ہیزل وڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 42 اور لیگ سپنر یاسر شاہ کھاتا کھولے بغیر وکٹ پر موجود ہیں جو اتوار کو اننگز کا آغاز کریں گے۔
جمعے کو میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر کینگروز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 302 رنز بنائے تھے اور سنیچر کو بھی پاکستانی بولرز آسٹریلیوی بلے بازوں کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔ 
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے مارنس لابوشینگے کو 162 رنز اور سٹیو سمتھ کو 36 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 42 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، فوٹو: اے ایف پی

اوپنر ڈیوڈ وارنر نے اپنی اننگز میں 418 گیندوں کا سامنا کیا اور ناقابل شکست رہتے ہوئے 39 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 335 رنز بنائے۔
اس سے قبل جمعے کو میچ کے پہلے روز آسٹریلوی بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کے خلاف عمدہ بیٹنگ کی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور لابوشینگے نے سنچریاں سکور کیں جبکہ پاکستانی بولرز صرف ایک آسٹریلوی بلے باز برنس کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو سکے۔
آسٹریلیا کے کپتان ٹم پین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا تھا۔  بارش سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز جاری تھی۔ بارش رکنے کے بعد کھیل دوبارہ شروع کیا گیا۔
واضح رہے کہ برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک اننگز اور پانچ رنز سے ہرایا تھا۔  
میچ شروع ہونے کے پہلے ہی گھنٹے میں جو برنس کو شاہین آفریدی نے چار رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔ 
جو برنس کے ساتھ اوپننگ کے لیے آنے والے ڈیوڈ وارنر نے سینچری سکور کی۔ 
آسٹریلیا کی جانب سے دوسرا ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔ فاسٹ بولر محمد موسیٰ کو پہلی مرتبہ موقع دیا گیا، ان کو نسیم شاہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ محمد موسیٰ کو سابق کپتان وسیم اکرم نے کیپ پہناتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
عمران خان اور حارث سہیل کو ڈراپ کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ محمد عباس اور امام الحق کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: