Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 کارکنوں کا ڈیٹا اپ ڈیٹ رکھنا کس کے ذمے؟

ڈیٹا سسٹم میں اپ ڈیٹ رکھنے کی ذمہ داری کفیل کی ہے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن (جوازات) کے مطابق غیر ملکی کارکنوں کا ڈیٹا سسٹم میں اپ ڈیٹ رکھنے کی ذمہ داری کفیل کی ہے۔
جوازات کے قانون کے مطابق غیر ملکی کارکنوں کے اقاموں کی سالانہ بنیاد پر تجدید ان کی میڈیکل انشورنس اور دیگر قانونی امور کی تکمیل جن میں نئے پاسپورٹ کا سسٹم میں اندارج کرانا کفیل کے ذمے ہے۔ 

غیر ملکی کارکن اپنے اہل خانہ کی سرکاری دستاویزات مکمل کرانے کا ذمہ دار ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

نیوز ویب سائٹ عاجل نے محکمہ جوازات کے حوالے سے بتایا کہ اقامہ سسٹم میں غیر ملکی کارکنوں کے پاسپورٹ کی تفصیلات درج کرنا لازمی ہے۔ پاسپورٹ کی تجدید کے بعد یہ کفیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ جوازات کے مرکزی سسٹم میں اپنے کارکن کے نئے پاسپورٹ کا اندارج کرائے۔
پاسپورٹ کی مدت پانچ یا دس برس ہوتی ہے جبکہ اقامے کی تجدید ایک برس کے لیے کی جاتی ہے۔ جوازات کے سسٹم میں نئے پاسپورٹ کی تفصیلات فیڈ نہ کرانے پر اقامے کی تجدید اور ایگزٹ ری انٹری کا حصول ناممکن ہو گا۔ 
جوازات کے قانون کے مطابق غیر ملکی کارکنوں کو اس امر کی اجازت نہیں کہ وہ محکمے میں جاکر اپنے قانونی امور از خود انجام دیں ۔ یہ ذمہ داری کفیل کی ہے کہ وہ اپنے کارکنوں کے تمام سرکاری امور انجام دے۔
وہ غیر ملکی کارکن جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سعودی عرب میں مقیم ہیں وہ اپنے اہل خانہ کے کفیل ہوتے ہیں۔ اس اعتبار سے غیر ملکی کارکن اپنے اہل خانہ کی سرکاری دستاویزات مکمل کرانے کا ذمہ دار ہے۔ 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: