Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خواتین ریفریز کی مدد کے لیے تیار ہوں‘

اکھونہ مالیکاما نے خواتین پر زور دیا کہ وہ کھیلوں سے وابستہ ٹیکنیکل شعبوں میں بھی آگے آئیں (فوٹو: اردو نیوز)
جنوبی افریقہ کے تعلق رکھنے والی فیفا کی ایلیٹ پینل میں ساشل ریفری اکھونہ ماکیلاما نے کہا ہے وہ پاکستان میں خواتین فٹ بال ریفریز کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اکھونہ ماکیلاما کی پاکستان آمد کا مقصد خواتین کو کھیل کے ذریعے کیریئر بنانے کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔
پیر کو لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ریفری اکھونہ ماکیلاما کا کہنا تھا کہ خواتین کی کھیلوں میں شرکت کے حوالے سے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے حالات زیادہ مختلف نہیں۔ ’تاہم گذشتہ چند برسوں کے دوران کھلاڑی خواتین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔‘
 
اکھونہ مالیکاما نے کہا کہ خواتین کو کھیلوں میں شرکت کے ساتھ ساتھ اس سے وابستہ ٹیکنیکل شعبوں میں بھی آگے آنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ گلوبل سپورٹس مینٹورنگ پروگرام ایلومینائی ایکسچینج کے تحت گلیکسی سپورٹس نے انہیں پاکستان مدعو کیا جس پر وہ سی ای او رابعہ قادر کی بے حد مشکور ہے۔  انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے دی جانے والی سہولیات کو بین الاقوامی میعار  کے مطابق قرار دے دی۔
پنجاب یونیورسٹی کی ڈائریکٹر سپورٹس طاہرہ سلیم کا کہنا تھا کہ ’ہمارا ادارہ کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر سطح پر تعاون فراہم کررہا ہے، اکھونہ کی آمد سے یونیورسٹی سمیت دیگر اداروں کے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔
سابق قومی ہاکی کھلاڑی رابعہ قادر نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار خواتین نے مل کر کھیلوں کے فروغ کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ ’اس پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ٹریننگ، میزبانی اور سہولیات فراہم کرنے والی تینوں خواتین ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا اصل مقصد بھی یہی ہے کہ خواتین سپورٹس کے میدان میں لیڈر شپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر اعتبار سے با اختیار ہوں۔

شیئر: