Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میں حجاب نہیں لیتی۔۔۔اس کی پابندی نہ لگائی جائے‘

بی بی سی سے پروگرام پیش کرنے والی پہلی عرب خاتون کا اعزاز حاصل ہے۔ فوٹو: اخبار24
 سعودی عرب کی ٹی وی میزبان ھدی عبد المحسن الرشید کو بی بی سی لندن سے پروگرام پیش کرنے والی پہلی عرب خاتون کا اعزاز حاصل ہے۔ ھدی عبد المحسن الرشید خلیجی ممالک کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے عرب دنیا سے باہر نکل کر میڈیا میں کام کیا ہے۔
 سیٹلائٹ چینلز کے دور سے پہلے ٹی وی میزبان ہونے کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ھدی الرشید نے تین عشرے قبل حجاب کے بغیر سعودی ٹی وی سے پہلا پروگرام پیش کیا تھا۔ ’روتانا خلیجیہ‘ چینل کے پروگرام ’وینک‘ (تم کہاں ہو) میں انہوں نے اپنی یادیں شیئر کی ہیں۔

 پہلی خاتون ہیں جنہوں نے عرب دنیا سے باہر نکل کر میڈیا میں کام کیا ہے۔ فوٹو: اخبار24

 ھدی الرشید کے مطابق ’سعودی صحافی عبدالرحمن الشبیلی نے سعودی ٹی وی سے پروگرام پیش کرنے کے لیے ریاض آنے کی دعوت دی جس پر میں نے کہا کہ میں حجاب نہیں لیتی اور سعودی ٹی وی سے پروگرام پیش کرنے کے لیے حجاب کی پابندی نہ لگائی جائے۔ الشبیلی نے وعدہ کیا کہ آپ سے حجاب کے لیے نہیں کہا جائے گا۔‘ 
ان کے مطابق وہ رمضان میں ریاض پہنچ گئیں۔ ’افطار سے قبل ٹی وی پروگراموں کا تعارف کرایا اور حجاب لیے بغیر سعودی ٹی وی سے پروگرام کرتی رہی‘۔
ھدی الرشید نے سعودی عرب میں آنے والی موجودہ تبدیلیوں کے حوالے سے کہا ’ان دنوں سعودی عرب میں جو کچھ ہورہا ہے انہیں ’شاندار ‘ سے تعبیر کرنا کافی نہیں ہوگا۔ مجھے اپنی خوشی کے اظہار کے لیے الفاظ نہیں مل رہے ہیں۔‘
’موجودہ تبدیلیوں سے امیدوں کے جو چراغ روشن ہورہے ہیں وہ غیر معمولی ہیں۔ سعودی عرب بدل چکا ہے اور عوام اندرونی اطمینان محسوس کررہے ہیں۔ یہ سب کچھ مملکت کا دورہ کرتے وقت اپنی آنکھوں سے دیکھا اور دل سے محسوس کیا ہے۔‘
ھدی الرشید نے مزید کہا ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اپنے اقدامات کے حوالے سے عظیم الشان ہیں۔ یہ سب کچھ اب زمینی حقیقت بن گئے ہیں۔‘

ھدی الرشید کون ہیں

ھدی الرشید قاہرہ میں پیدا ہوئیں۔ ان کی ماں سعودی تھیں۔ والد شیخ عبدالمحسن الصالح الرشید تھے جو 1950 میں ریاض کی بلدیہ کے چیئرمین بنے تھے۔
ھدی الرشید نے ثانوی تعلیم بیروت سے حاصل کی۔ بی اے 1992 میں بیکھنگم یونیورسٹی سے کیا۔ ایم اے 1993 میں لندن سے کیا۔ لسانیات میں ڈبل ایم اے 1995ءمیں لندن یونیورسٹی کے ماتحت ایفروایشیا سٹڈیز اسکول سے کیا۔ میڈیا پر پی ایچ ڈی کا مقالہ تیار کررہی ہیں۔
ھدی الرشید کئی ناولوں کی مصنفہ ہیں۔ قاہرہ کے اشاعتی ادارے دار روزالیوف نے یہ ناول شائع کیے ہیں۔

شیئر: