Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں گوداموں میں آتشزدگی

گوداموں سے اٹھنے والے شعلے میلوں دور سے دکھائی دے رہے تھے (فوٹو: اردو نیوز)
جدہ کے جنوبی علاقے میں اتوار کی شب گوداموں میں لگنے والی آگ پر رات گئے قابو پا لیا گیا ۔ آتشزدگی میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ مالی خسارے کا تخمینہ لگایا جارہا ہے ۔
آتشزدگی اتنی ہولناک تھی کہ رات کے اندھیرے میں متاثرہ گوداموں سے اٹھنے والے شعلے دور تک دکھائی دے رہے تھے۔ شہر ی دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان کی جانب سے جاری پریس ریلز میں کہا گیا ہے کہ آگ گاڑیوں کے پارٹس اور لکڑی کے فرنیچر کے گودام میں لگی ۔

فائرفائٹرز نے جامع حکمت عملی کے تحت امدادی کارروائی کی (فوٹو: اردونیوز) 

آتشزدگی سے گوداموں میں رکھا تمام سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا ۔ اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے ہنگامی یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔ فائر فائٹرز کو مختلف گروپس میں تقسیم کر دیا گیا تھا تاکہ امدادی کارروائیاں مناسب طریقے سے کی جاسکیں ۔
کرنل سرحان کا کہناتھا کہ متاثرہ گوداموں سے ملحق دیگر گوداموں کو بچانے کے لیے فائرفائٹرز نے جامع حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے اس دیگر گوداموں پر مخصوص فوم کا اسپرے کردیا تاکہ آگ مزید نہ پھیل سکے ۔ 
  فرنیچر والے گودام میں بیشتر اشیاء لکڑی کی ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی ۔ فرنیچر کے گودام کے ساتھ ہی گاڑیوں کے پارٹس کا گودام تھا جہاں مختلف قسم کا آئیل اور ربڑ کی اشیاء ہونے کی وجہ سے فائر فائٹرز کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ متاثرہ گوداموں میں آگ اس قدر ہولناک تھی کہ اس سے بلند ہونے والے شعلوں کو میلوں دور سے دیکھا جاسکتاتھا جبکہ آگ کی تپش بھی دور تک محسوس کی جارہی تھی ۔
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم مزید تحقیقات کے لیے متاثرہ گوداموں کو پولیس اور تحقیقاتی اداروں کے حوالے کر دیا گیا جو آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کے بعد اپنی رپور ٹ پیش کریں گے ۔ 

آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ (فوٹو:اردونیوز) 

کرنل سرحان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں عام طور پر لوگ گیز اور ہیٹر کا استعمال زیادہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے آ گ لگنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے ۔
لوگوں کو چاہئے کہ ہیٹر استعمال کرنے سے قبل تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں جبکہ بجلی کے گیزر کی بھی چیکنگ کرتے رہیں تاکہ کسی مشکل صورتحا ل سے دوچار نہ ہوں ۔ 

شیئر: