Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طلبہ گروپوں میں تصادم، ایک طالب علم ہلاک

پولیس کے مطابق حالات پر قابو پا لیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں واقع انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں حکام کے مطابق دو طلبہ گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک طالب علم ہلاک، جبکہ آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق زخمی طالب علموں کو اسلام آباد کے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے جمعرات کی شب اپنی ایک ٹویٹ میں اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ایک یونیورسٹی میں دو طلبا تنظیموں کے درمیان چھڑپ ہوئی۔ بد قسمتی سے ایک سٹوڈنٹ ہلاک ہو گیا ہے۔ ہم نے سیکورٹی کا انتظام سنبھال لیا ہے۔ پولیس اور مجسٹریٹ موقعے پر پہنچ چکے ہیں، رینجرز کو بھی بلا لیا گیا ہے۔ احاطے کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ اگر کسی کے پاس معلومات ہوں تو پولیس کو اطلاع کرے۔‘
موقعے پر موجود ڈی آئی جی اسلام آباد نے بھی ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’ایک یونیورسٹی میں دو گروپوں کے درمیان تصادم میں ایک طالب علم ہلاک ہوا ہے جبکہ آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے حالات پر قابو پا لیا ہے۔ میں خود بھی موقعے پر موجود ہوں۔‘
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ٹویٹ میں واقعے کی مذمت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے ایجوکیشن ایکسپو پر شرپسندوں کا حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ کارکنان جمعیت صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ اسلام آباد انتظامیہ فوری طور پر شرپسند عناصر کو گرفتار کرے۔

تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ اسلامک یونیورسٹی میں خطاب کر رہے تھے کہ اس دوران طلبہ تنظیموں کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی۔
اسلامی یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام دو دن سے ایجوکیشن ایکسپو جاری تھی۔

شیئر: