Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میڈیکل کی طالبہ کا سڑک کنارے چائے کا ڈھابہ

سعودی عرب میں شاہراہوں پر ’کوئلے والی چائے‘ کا رواج عام ہو رہا ہے (فوٹو ۔ سوشل میڈیا)
ریاض میں میڈیکل کی ایک طالبہ نے فارغ وقت کو مفید بنانے کی غرض سے شاہراہ کے کنارے چائے کا ڈھابہ لگا لیا ہے۔ طالبہ کا کہنا ہے کہ عملی زندگی کو قریب سے دیکھنا چاہتی ہوں۔
مذکورہ طالبہ کی وڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر سبق نیوز نے اس سے ملاقات کی تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ  طالبہ کی جانب سے سڑک کے کنارے چائے فروخت کرنے کی اصل کہانی کیا ہے؟
  طالبہ کا کہنا تھا کہ 'میں زندگی کو قریب سے دیکھ کر مستقبل کے لیے راہ متعین کرنا چاہتی ہوں، پڑھائی کے ساتھ ساتھ میری یہ خواہش ہے کہ اپنے فارغ وقت کو کارآمد بناتے ہوئے تجارت کے اصولوں کو سمجھوں۔

 

’سٹال پرآنے والوں کو جب یہ معلوم ہوتا ہے کہ میں میڈیکل تھرڈ ایئر کی طالبہ ہوں تو وہ حیرت زدہ رہ جاتے ہیں، اکثر کا سوال یہی ہوتا ہے ’کیا معاشی مسئلہ ہے؟‘

 یہ تصور نہیں تھا کہ کوئی خاتون سڑک کے کنار ے چائے فروخت کرسکتی ہے (فوٹو۔ المرصد نیوز)

طالبہ نے مزید کہا ’میں اپنی خوشی سے چائے فروخت کرنے کا کام کر رہی ہوں، میرے گھروالوں کی جانب سے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں اور نہ ہی ان کی جانب سے کبھی مجھے مالی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، بس میرا شوق ہے جس کے لیے میں نے یہ اقدام کیا۔‘ 
ایک خاتون نے جب طالبہ سے دریافت کیا کہ 'جب لوگوں کو یہ معلوم ہوتا ہے کہ آپ میڈیکل کی طالبہ ہیں تو ان کا ردعمل کیسا ہوتا ہے‘ 

سعودی خواتین نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں (فوٹو: الرياض اخبار)

اس سوال پر طالبہ کا کہنا تھا کہ ہر کوئی میرے جذبے کو سراہتے ہوئے میری کامیابی کے لیے دعا کرتا ہے۔ ’مجھے وہ لمحہ بہت اچھا لگتا ہے جب لوگ میرے لیے مخلصانہ دعائیں کرتے ہیں۔‘ 
میں اپنے عمل سے یہ ثابت کرنا چاہتی ہوں سعودی خواتین  کسی ملک کی خواتین سے کم تر نہیں، وہ اگر کچھ کرنے کی ٹھان لیں تو کرکے ہی دم لیتی ہیں، ہم میں صلاحیت ہے اور قابلیت کی کمی بھی نہیں ہم اپنی راہیں خود متعین کرنا جانتی ہیں۔ 
واضح رہے قبل ازیں سعودی عرب میں یہ تصور نہیں تھا کہ کوئی خاتون اس طرح سڑک کے کنارے ڈھابہ لگا کر چائے فروخت کرے گی۔ حالیہ سالوں میں آنے والی تبدیلی کے اثرات معاشرے پر واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں ۔ مارکیٹوں کے علاوہ مختلف پیشوں میں سعودی خواتین نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
سعودی عرب میں چائے کے ڈھابے قدرے مختلف ہوتے ہیں جنہیں ’کوئلے والی چائے‘ کا نام دیا جاتا ہے۔ اکثر لوگ  سڑک کے کنارے کوئلوں پر چائے بنا کر فروخت کرتے ہیں جسے کافی پسند کیاجاتا ہے۔

شیئر: