Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملائیشیا میں غیر قانونی طور پر مقیم 113 پاکستانیوں کی واپسی

ملائیشیا میں ہائی کمیشن نے ایک ہزار آٹھ سو 33 پاکستانیوں کو ایمرجنسی سفری دستاویزات جاری کیں۔
ملائیشیا میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کو لے کر خصوصی طیارہ اسلام آباد پہنچا ہے۔
منگل کو وزارت برائے اوورسیز پاکستانیز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ملائیشیا سے رہا کیے گئے 113 پاکستانی شہریوں کی پی آئی اے فلائٹ سے اسلام آباد آمد ہوئی ہے اور یہ پاکستانی شہری نئے سال کی شروعات اپنے خاندان کے ساتھ کریں گے۔‘
بیان کے مطابق وطن واپس پہنچنے والوں پاکستانیوں نے وزیراعظم عمران خان، وزارت اوورسیز، کوالا لمپور میں پاکستانی ہائی کمیشن اور پی آئی اے کا شکریہ ادا کیا۔
ادھر دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی ہدایت پر قومی ایئر لائن کی خصوصی پرواز ملائیشیا میں مقیم غیر قانونی پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد میں پہنچی۔

سال 2019 کے آخری دن ملائیشیا سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز غیرقانونی مقیم پاکستانیوں کو واپس لے کر پہنچی۔

بیان کے مطابق ’ملائیشیا کی حکومت نے یکم اگست سے 31 دسمبر تک غیر قانونی تارکین وطن کو رضاکارانہ طور پر واپس اپنے ملکوں میں جانے کے لیے ’بیک فار گڈ‘ کے نام سے ایمنسٹی سکیم متعارف کرائی تھی۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ کوالالمپور میں پاکستانی ہائی کمیشن کی کوششوں سے آٹھ ہزار پاکستانیوں نے اس سکیم سے فائدہ اٹھایا اور بغیر کسی سزا یا جرمانے کے وطن واپس پہنچے۔
دفتر خارجہ کے مطابق گذشتہ پانچ ماہ میں کوالالمپور میں پاکستان کے ہائی کمیشن نے ایک ہزار آٹھ سو 33 پاکستانیوں کو واپس وطن پہنچنے کے لیے ایمرجنسی سفری دستاویزات جاری کیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حفاظت اور ان کی بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور سال 2019 کے دوران مئی میں بھی تین سو زیر حراست پاکستانیوں کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے واپس لایا گیا تھا۔

شیئر: