Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراق اور ایران کے لیے متعدد ایئر لائنز کی پروازیں منسوخ

امریکی محکمہ شہری ہوابازی نے عراق اور ایران کے اوپر سے مسافر طیاروں کی پرواز پر پابندی لگانے کا اعلان کردیا ہے ( فوٹو: سبق)
عراق میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر امریکی حملے اور اس کے بعد بدھ کو عراق میں امریکی افواج پر ایران کے میزائل حملوں کے تناظر میں دونوں ملکوں کی فضائی حدود مخدوش ہوجانے پر متعدد علاقائی اور بین الاقوامی ایئرلائنز نے اپنے روٹس تبدیل کر لیے ہیں۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق امارات ایئرلائنز اور فلائی دبئی نے دبئی سے بغداد اور بغداد سے دبئی کے لیے بدھ کی صبح اپنی پروازیں منسوخ کردیں ہیں۔
بحرین کی گلف ایئر نے بھی بغداد اور النجف کے لیے اور وہاں سے منامہ کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کردیں ہیں۔
 ایجپٹ ایئر نے بھی حفاظتی تقاضوں کے پیش نظر بغداد کے لیے  اپنی پروازیں بند کردیں ہیں۔
 فلائی دبئی نے بھی توجہ دلائی ہے کہ جو مسافر پروازوں کی منسوخی سے متاثر ہوئے ہیں، ان سے اور متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ 
اسی ضمن میں امریکی محکمہ شہری ہوا بازی نے عراق اور ایران کے اوپر سے مسافر طیاروں کی پرواز پر پابندی لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان بدھ کو الانبار اور اربیل میں امریکی فوجی اڈوں پر ایرانی حملے کے بعد کیا گیا ہے۔

امارات ایئرلائنز اور فلائی دبئی نے دبئی سے بغداد اور بغداد سے دبئی کے لیے بدھ کی صبح اپنی پروازیں منسوخ کردیں ہیں ( فوٹو: ٹوئٹر)

 ایئر فرانس اور لفتھانسا نے بھی عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر ایرانی حملوں کے چند گھنٹے بعد ایران اور عراق کی فضائی حدود سے اپنی پروازوں پر پابندی لگا دی ہے۔
ایئر فرانس کے ترجمان نے اے ایف پی سے گفتگو میں کہا ہے کہ یہ اقدام احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے۔ لفتھانسا کا کہنا ہے کہ تا اطلاع ثانی اس کی تمام پروازیں معلق رہیں گی۔ لفتانسا نے فرینکفرٹ سے تہران کے لیے بدھ کی اپنی پرواز منسوخ کردی ہیں۔ 
ہالینڈ کی کے ایل ایم  ایئرلائن نے اپنی پرواز منسوخ کردی۔ کے ایل ا یم کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ جنوب مشرقی ایشیا اور مشرق وسطیٰ جانے والی تمام پروازوں کے لیے  متبادل روٹس کا انتظام کیا جائے گا۔
ہالینڈ کی لوٹ کمپنی  نے اعلان کیا ہے کہ وہ انڈیا، سنگاپور، سری لنکا اور تھائی لینڈ کی اپنی پروازیں نئے روٹس پر چلائے گی۔ ایران کی فضائی حدود سے گریز کیا جائے گا۔
ویتنام ایئرلائنز نے اعلان کیا ہے کہ  یورپی ممالک کے لیے اس کی پروازیں غیر محفوظ علاقوں کے اوپر پرواز سے گریز کریں گی۔

 ایجپٹ ایئر نے بھی حفاظتی تقاضوں کے پیش نظر بغداد کے لیے  اپنی پروازیں بند کردیں ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

آسٹریلیا کی ایئرلائنز کوانٹا نے اعلان کیا ہے کہ بیرث اور لندن کے لیے اس کی پروازیں اب مشرق وسطی کے بجائے ایشیائی فضائی حدود سے گزریں گی۔ چالیس منٹ کا فرق آئے گا۔
ملائیشین ایئرلائنز نے اعلان کیا ہے کہ وہ حالیہ واقعات کے باعث ایران کے اوپر سے پروازوں کے سلسلے میں احتیاط برتے گی۔ یہی اعلان سنگاپور ایئرلائنز نے بھی کیا ہے۔
قازقستان کی ایئرلائنز، ایئر آستانا اور ایس سی 80 نے بھی اپنی پروازیں منسوخ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
 

شیئر: