Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماہرہ کہتی ہیں ’بھائی ہم نہیں ہوتے ایڈجسٹ‘

ماہرہ خان کا شمار سوشل میڈیا کی فعال سیلیبرٹیز میں ہوتا ہے۔ فوٹو: ماہرہ خان انسٹاگرام
معمول سے ہٹ کر کوئی بات ہو یا انداز کی انفرادیت، سوشل میڈیا پر متحرک افراد کی حس مزاح پھڑکے بغیر نہیں رہتی۔ اگر معاملہ کسی سیلبرٹی کا ہو تو ایسے موقع پر سوشل میڈیا صارفین کی انگیجمنٹ نئی بلندیوں کو چھونے لگتی ہے۔
پاکستانی فلم سٹار ماہرہ خان کے ساتھ بھی اس بار کچھ ایسا ہی ہوا۔
سوشل میڈیا پر متحرک رہنے والی 35 سالہ ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی تو دیکھنے والے تبصرے کرنے سے باز نہ رہ سکے۔
پہلی نظر میں دیکھنے پر یوں لگتا ہے کہ شاید ماہرہ خان گر رہی ہیں یا کہیں لیٹی ہوئی ہیں، تاہم تصویر کے ساتھ لکھا کیپشن پڑھا جائے اور غور سے تصویر دیکھیں تو اصل معاملے کھلتا ہے۔
ماہرہ خان نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’کسی نے انہیں فوٹو ایڈجسٹ کرنے کا مشورہ دیا، بھائی ہم نہیں ہوتے ایڈجسٹ۔‘

انسٹاگرام پر 54 لاکھ فینز کے سامنے ایڈجسٹ ہونے سے انکار کرنے والی ہمسفر کی ’خرد احسان‘ کی تصویر پر بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے ہلکے پھلکے اور دوٹوک انداز میں کمنٹس کیے۔
سلیم کریم نے لکھا کہ آپ کو گرتا دیکھ کر میں ہاتھ بڑھانے لگا تھا۔ جب کہ ماہرہ خان کو آکسیجن قرار دینے والی ایک اور صارف نے ان سے اپنے حق میں دعا کرنے کی درخواست کر ڈالی۔
ماہرہ خان کے تصویر پوسٹ کرتے ہی، چند گھنٹوں میں ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد انسٹا صارفین نے لائک کر ڈالا، جبکہ سینکڑوں نے تصویر پر تبصرے کیے۔
تصویر پر تبصرے کرنے والوں میں پاکستانی اور انڈین سیلیبریٹیز بھی شامل ہیں۔
پاکستانی اداکار علی کاظمی نے ماہرہ خان کو مزاح بھرے انداز میں جواب دیتے ہوئے ’ایڈجسٹمنٹ بیورو‘ کا لقب دے ڈالا۔
کراچی میں پیدا ہونے اور میڈیا انڈسٹری میں بطور وی جے کیریئر کا آغاز کرنے والی ماہرہ خان اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی خیر سگالی کی سفیر ہیں۔ پاکستانی ڈرامے ہمسفر میں اداکاری کے بعد شہرت کی نئی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ متعدد پاکستانی اور انڈین فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں۔

شیئر: