پانچ راکٹ داغے گئے جو سفارتخانے کی عمارت کے قریب گرے (فوٹو: ای پی اے)
عراق کے دارالحکومت بغداد میں اتوار کو امریکی سفارتخانے کے قریب پانچ راکٹ داغے گئے جو کہ تمام عمارت کے قریب گرے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق چار راکٹ گرین بیلٹ میں گرے۔ جہاں امریکی سفارتخانے سمیت متعدد ممالک کے سفارتخانے اور سرکاری عمارتیں واقع ہیں۔
اے ایف پی نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’بغداد میں امریکی سفارتخانے کے قریب راکٹ گرے ہیں۔‘
نامہ نگاروں نے دریائے دجلہ کے کنارے زور دار آوازیں سنیں جہاں امریکی سفارتخانہ اور دیگر غیر ملکی سفارتی مشن واقع ہیں۔
ایک سکیورٹی ذریعے کا کہنا ہے تین راکٹ ہائی سکیورٹی زون میں گرے جبکہ دوسرے ایک سکیورٹی ذریعے نے امریکی سفارتخانے کے قریب گرنے والے راکٹوں کی تعداد پانچ بتائی ہے۔
بعدازاں عراقی سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ’پانچ راکٹ ہائی سکیورٹی گرین زون میں گرے، کوئی نقصان نہیں ہوا۔‘ بیان میں امریکی سفارتخانے کا کوئی حوالہ نہیں دیا گیا۔
دریں اثناء بغداد میں مظاہرین اور سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کے درمیان پھر جھڑپیں ہوئی ہیں جن کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
بغداد کے میدان التحریر میں مظاہرین کی آمد دن بھر جاری رہی۔ عراق کے جنوبی شہروں میں بھی اتوار کو زبردست مظاہروں کی اطلاعات ہیں۔
روسی خبر رساں ادارے آر ٹی کے مطابق بغداد اور ملک کے وسطی اور جنوبی صوبوں میں جامعات کے طلبا بھی سڑکوں پر آگئے۔
ادھر عراق میں انسانی حقوق کمیشن کا کہنا ہے گذشتہ دو روز کے دوران بارہ مظاہرین ہلاک اور 230 زخمی ہوگئے۔
انسانی حقو ق کمیشن نے احتجاجی مظاہروں کے دوران پیش آنے والے واقعات پر گہرے افسوس اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔